واہگہ بارڈر پر یونیورسٹی بنانا چاہتا ہوں، پنجاب حکومت اجازت دے، رہنما پی پی

لاہور : پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے واہگہ بارڈر کے قریب یونیورسٹی قائم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے پیش کش کی ہے کہ اگر پنجاب حکومت اجازت دے تو وہ یونیورسٹی کی تعمیر کے تمام اخراجات خود برداشت کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے پنجابی زبان و ثقافت کے فروغ، پاک بھارت سرحد پر تجارتی و ثقافتی سرگرمیوں اور روایتی کھیلوں کی بحالی پر بھی زور دیا ہے۔
لاہور میں منعقدہ پنجابی انٹرنیشنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا کہ وہ نسل در نسل پنجابی ہیں اور تاریخ گواہ ہے کہ ماضی میں جتنے بھی طاقت ور لوگ گزرے ہیں، ان کا تعلق پنجاب سے رہا ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ آج پنجابیوں کو اپنے گھروں اور اپنی روایات میں بھی پنجابی زبان بولنے پر شرمندگی محسوس ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجابی ثقافت کو کمزور کرنے میں ہمارا اپنا بھی قصور ہے اور طاقت ور اشرافیہ بھی اس کی ذمہ دار ہے۔ دوسری جانب سکھ برادری نے پنجابی زبان اور ثقافت کو زندہ رکھا ہوا ہے اور اپنی روایات سے وابستگی برقرار رکھی ہے۔
ندیم افضل چن نے واہگہ بارڈر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور طاقت ور اشرافیہ نے کبھی اس علاقے کی جگہ کو صاف کروانے اور اسے مثبت سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کی بات نہیں کی، واہگہ بارڈر کے قریب یونیورسٹی قائم کی جائے اور اگر صوبائی حکومت اجازت دے تو وہ اس کی تعمیر کے تمام اخراجات خود برداشت کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کا بارڈر کھول دیا جائے تو بھارت اور پاکستان دونوں میں بھوک کا مسئلہ ختم ہوسکتا ہے۔ انہوں نے پاک بھارت تعلقات میں بہتری اور سرحدی علاقوں میں عوامی روابط بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
دوطرفہ روایتی کھیلوں کی بحالی کے حوالے سے پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ واہگہ بارڈر پر صرف پریڈ کے مقابلے کروانے کے بجائے کھوکھو اور کبڈی جیسے روایتی کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد ہونے چاہئیں تاکہ دونوں جانب کی ثقافت اور کھیلوں کی روایات کو فروغ مل سکے۔
ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث پر اظہار خیال کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ آج کل ریفرنڈم اور نئے صوبوں کی باتیں ہورہی ہیں، یہ صوبے کس کے لیے بنائے جا رہے ہیں؟ کیا یہ عوام کی سہولت کے لیے ہیں یا کسی اور مقصد کے تحت ان کے قیام کی بات کی جا رہی ہے؟ اس معاملے پر باقاعدہ مذاکرہ ہونا چاہیے، کیونکہ ان کے خیال میں نئے صوبوں کی ضرورت ہی نہیں ہے۔
انہوں نے بلوچستان کے اپنے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں انہوں نے سوال اٹھایا کہ پنجابیوں کو نشانہ کیوں بنایا جاتا ہے اور وہاں ان کے لیے کام کرنا مشکل کیوں ہے جبکہ لاہور اور کراچی میں ہر نسل اور قومیت سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو برداشت کیا جاتا ہے۔
کانفرنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ ایسی نشستیں لوگوں کو اپنے دل کی بات کہنے اور اندر کا غبار نکالنے کا موقع فراہم کرتی ہیں، وہ درباری بننے کے بجائے باغی بنیں اور معاشرے میں موجود مسائل پر کھل کر بات کریں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت