جمعرات، 26 نومبر، 2026 · 17 جمادی الثانی، 1448 ہجری

لاہور قلندرز نے شان ٹیٹ کو ہیڈ کوچ مقرر کر دیا

قومی خبریں
لاہور قلندرز نے شان ٹیٹ کو ہیڈ کوچ مقرر کر دیا

پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کے لیے لاہور قلندرز نے سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر شان ٹیٹ کو ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔

لاہور قلندرز کے مالک ثمین رانا نے شان ٹیٹ کی تقرری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ قلندرز فیملی میں ایک اچھا اضافہ ہیں اور پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن میں ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

ثمین رانا کا کہنا تھا کہ شان ٹیٹ گلوبل سپر لیگ کے دوران بھی لاہور قلندرز کے ساتھ کام کرچکے ہیں، جبکہ وہ پی ایس ایل کے علاوہ بھی ٹیم کے فاسٹ بولرز کی رہنمائی کریں گے۔

دوسری جانب نومنتخب ہیڈ کوچ شان ٹیٹ نے اپنی تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لاہور قلندرز کا ہیڈ کوچ بننے پر خوشی ہے اور وہ آئندہ ایڈیشن میں یہ ذمہ داری نبھانے کے منتظر ہیں۔

شان ٹیٹ نے کہا کہ وہ گلوبل سپر لیگ کے دوران گیانا میں لاہور قلندرز کے ساتھ کام کرچکے ہیں اور فرنچائز کے ساتھ ان کی اچھی ہم آہنگی ہے۔ دونوں فریق ایک دوسرے کے کام کرنے کے انداز سے واقف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ثمین رانا کے ساتھ مل کر فرنچائز کے معاملات بھی دیکھ چکے ہیں، جبکہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے دوران شاہین آفریدی کے ساتھ بھی انہیں کام کرنے کا تجربہ حاصل ہوا۔

شان ٹیٹ نے مزید کہا کہ وہ پاکستان کے میدانوں کی صورتحال اور یہاں کے کھلاڑیوں سے بخوبی واقف ہیں اور گزشتہ کئی برسوں سے لاہور قلندرز کے بارے میں اچھی باتیں سنتے آرہے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت