ہائیکورٹ نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات روکنے کے حکم امتناع میں توسیع کر دی
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو فی الحال روکتے ہوئے حکم امتناع میں مزید 2 ہفتوں کی توسیع کر دی ہے۔
عدالتی مداخلت کے بعد الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کا جاری کردہ شیڈول باضابطہ طور پر معطل کر دیا ہے۔
سماعت کے دوران جسٹس عمیر مجید ملک نے کیس پر غور کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا حلقہ بندیوں کا پیچیدہ معاملہ تاحال حل طلب ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ ایک وارڈ میں محض دو ووٹر شامل ہیں جو انتخابی عمل کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے۔
عدالت نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن کو 2015 کے قانون کے مطابق حلقہ بندیاں مکمل کرنا ہوں گی۔ جسٹس عمیر مجید ملک نے ریمارکس دیے کہ پارلیمنٹ کے مجوزہ اقدامات کا ابھی انتظار ہے، لہذا الیکشن کمیشن کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ حلقہ بندیوں کا عمل قانونی تقاضوں کے عین مطابق مکمل کیا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے صفائی پیش کی کہ وہ 6 بار حلقہ بندیوں کی مشق مکمل کر چکے ہیں اور تفصیلی احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ انہوں نے مؤقف اپنایا کہ موجودہ قوانین کے تحت تمام تر ضروری کارروائی مکمل کر لی گئی ہے تاکہ انتخابی عمل میں کوئی قانونی سقم باقی نہ رہے۔
عدالت نے اس صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو اب تک یہ علم نہیں کہ ان کا تعلق کس وارڈ سے ہے۔ شہریوں کی جانب سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ حلقہ بندیوں میں شفافیت کا فقدان ہے جس کی وجہ سے انتخابی عمل کا انعقاد ممکن نہیں دکھائی دیتا۔
عدالتی کارروائی کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے 14 اکتوبر کو جاری کردہ نوٹیفکیشن میں حلقہ بندیوں کے مکمل ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا، تاہم عدالت نے ان تمام دعووں کا تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی ہے
بشکریہ روزنامہ جسارت