جمعرات، 26 نومبر، 2026 · 17 جمادی الثانی، 1448 ہجری

عالمی درجہ حرارت مسلسل 6 دن تک 2 ڈگری سینٹی گریڈ کی حد سے اوپر رہنے کا نیا سنگین ریکارڈ بن گیا

قومی خبریں
عالمی درجہ حرارت مسلسل 6 دن تک 2 ڈگری سینٹی گریڈ کی حد سے اوپر رہنے کا نیا سنگین ریکارڈ بن گیا

تاریخ میں پہلی بار دنیا کا اوسط درجہ حرارت مسلسل چھ روز تک صنعتی دور سے پہلے کے مقابلے میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا، جسے ماہرین نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے خطرے کی گھنٹی قرار دیا ہے۔

یہ اضافہ 18 سے 23 نومبر کے دوران ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ مدت اتنی طویل نہیں کہ 2015 کے پیرس معاہدے کے تحت طے شدہ عالمی درجہ حرارت کی حد کی خلاف ورزی تصور کی جائے، تاہم مسلسل چھ روز تک درجہ حرارت کا اس سطح سے تجاوز کرنا تشویش ناک ہے۔

واضح رہے کہ 2015 کے پیرس معاہدے میں عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو صنعتی دور سے پہلے کی سطح کے مقابلے میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ تاہم اس ہدف کی خلاف ورزی کا تعین کسی ایک یا دو سال کے بجائے طویل المدتی اوسط، بالخصوص ایک دہائی کے درجہ حرارت کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

23 نومبر کو عالمی اوسط درجہ حرارت صنعتی دور سے پہلے کی سطح کے مقابلے میں 2.24 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا، جو کسی ایک دن کے لیے اب تک کا بلند ترین درجہ حرارت ہے۔

یورپی موسمیاتی ادارے کوپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس کے اعداد و شمار نے اس نئے ریکارڈ کی تصدیق کی ہے۔

اس سے قبل نومبر 2023 اور فروری 2024 میں صرف دو مرتبہ روزانہ کا اوسط درجہ حرارت صنعتی دور سے پہلے کی سطح سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ تجاوز کر گیا تھا، تاہم یہ اضافہ زیادہ دیر برقرار نہیں رہا تھا۔

ماہرین کے مطابق درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کی بڑی وجوہات میں روایتی ایندھن کا مسلسل استعمال اور غیر معمولی طور پر طاقتور ال نینو کا موسمیاتی رجحان شامل ہیں، جو اپنے عروج کے قریب پہنچ چکا ہے۔

ال نینو بحرالکاہل کے پانی کے درجہ حرارت میں معمول سے زیادہ اضافے کا قدرتی موسمیاتی رجحان ہے، جس کے اثرات عالمی موسم اور زمین کے مجموعی درجہ حرارت پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔

سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر روایتی ایندھن کے استعمال میں کمی نہ کی گئی تو مستقبل میں درجہ حرارت میں مزید خطرناک اضافہ ہوسکتا ہے۔

اس سے قبل ایک دن میں عالمی اوسط درجہ حرارت میں اضافے کا ریکارڈ 2023 میں قائم ہوا تھا، جب صنعتی دور سے پہلے کی سطح کے مقابلے میں درجہ حرارت 2.06 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت