ٹرمپ کا امریکا کے پہلے مسلمان سینیٹر عبدالالسید سے ملاقات کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشی گن سے منتخب ہونے والے ڈیموکریٹ سینیٹر عبدالالسید کے ساتھ صحت عامہ کے نظام میں اصلاحات اور تمام شہریوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے منصوبے پر بات چیت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے پر عبدالالسید سے ملاقات کریں گے اور دونوں فریق امریکی نظامِ صحت کے حوالے سے کسی مشترکہ مؤقف تک پہنچنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔
امریکی اخبار کو وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے عبدالالسید سے مجوزہ ملاقات کی تصدیق کی۔ انہوں نے ڈیموکریٹ سینیٹر کی جانب سے تمام شہریوں کے لیے طبی سہولیات کے منصوبے کو ’ٹرمپ کیئر‘ کا نام دینے کی تجویز کو بھی سراہا اور انہیں ذہین شخصیت قرار دیا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ صحت عامہ کے شعبے میں اصلاحات کے لیے دونوں جماعتوں کے درمیان اختلافات کے باوجود درمیانی راستہ نکالا جاسکتا ہے۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ وہ کانگریس میں ڈیموکریٹس کی آئندہ اکثریت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے امکانات پر غور کر رہے ہیں، تاہم اس عمل کے آغاز میں سیاسی اختلافات اور کشیدگی کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے۔
عبدالالسید نے اپنی انتخابی مہم میں تمام امریکی شہریوں کے لیے یکساں طبی سہولیات کی فراہمی کو بنیادی ترجیح بنایا تھا۔ ان کا مؤقف ہے کہ ہر شہری کو پیدائش سے لے کر زندگی کے آخری وقت تک علاج معالجے کی سہولت میسر ہونی چاہیے، خواہ اس کی مالی حیثیت کچھ بھی ہو۔ اسی منصوبے کو انہوں نے صدر ٹرمپ کے نام سے ’ٹرمپ کیئر‘ قرار دینے کی تجویز پیش کی تھی۔
ڈیموکریٹ رہنما نے رواں ماہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سونے کے رنگ کے ایک خصوصی ’ٹرمپ کیئر‘ کارڈ کی تصویر بھی جاری کی تھی۔ اس کے ساتھ انہوں نے امریکی صدر سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ملک کے ہر شہری کے لیے زندگی بھر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ذمہ داری قبول کریں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ انتخابی مہم کے دوران دونوں رہنما ایک دوسرے کے سخت ناقد رہے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد مواقع پر عبدالالسید کو تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ مشی گن سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ رہنما بھی ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کے خلاف کھل کر آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ انتخابی مہم میں ری پبلکن رہنماؤں کی جانب سے عبدالالسید پر دہشت گردی سے متعلق الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔
42 سالہ عبدالالسید نے اپنی انتخابی مہم میں امریکی نجی طبی نظام کی بڑھتی ہوئی لاگت اور پیچیدہ طریقہ کار کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام میں عام شہریوں کے لیے علاج معالجے تک رسائی مشکل ہوتی جارہی ہے، اس لیے ایسی اصلاحات کی ضرورت ہے جن کے ذریعے ہر امریکی کو مالی مشکلات سے بالاتر ہوکر طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
انہوں نے انتخابی مہم کے دوران سیاست میں دولت اور سرمایہ دار طبقے کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو کم کرنے کا وعدہ بھی کیا تھا۔ ان کی مہم کو ریاست کے مختلف علاقوں میں غیر معمولی پذیرائی ملی اور بڑی تعداد میں شہری انتخابی اجتماعات میں شریک ہوئے۔ خاص طور پر ری پبلکنز کے مضبوط سمجھے جانے والے علاقوں میں بھی ان کے جلسوں میں لوگوں کی شرکت نے سیاسی حلقوں کی توجہ حاصل کی۔
عبدالالسید امریکی سینیٹ کے پہلے مسلمان رکن بننے جارہے ہیں، جس کے باعث ان کا انتخاب امریکی سیاست میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔ انتخابی مہم کے دوران ایک دوسرے پر سخت تنقید کرنے والے ٹرمپ اور عبدالالسید کے درمیان اب مجوزہ ملاقات کو صحت عامہ کے معاملے پر ممکنہ تعاون کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت کسی عملی منصوبے یا قانون سازی کی صورت اختیار کرسکے گی یا نہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت