جمعرات، 26 نومبر، 2026 · 17 جمادی الثانی، 1448 ہجری

اسرائیل کا ایران پر امریکی تعاون کے بغیر بھی فوجی کارروائی کرنے کا اعلان

قومی خبریں
اسرائیل کا ایران پر امریکی تعاون کے بغیر بھی فوجی کارروائی کرنے کا اعلان

اسرائیل نے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکی فوجی معاونت کے بغیر بھی تہران کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر کسی بھی وقت ایران کے خلاف بھرپور کارروائی کی جاسکتی ہے اور اس مقصد کے لیے امریکا کی مدد پر انحصار ضروری نہیں۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان افی ڈیفرین نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج ایران پر حملے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور وہ کسی بھی وقت اپنی پوری فوجی طاقت استعمال کرسکتی ہے۔ امریکا کا تعاون حاصل نہ ہونے کی صورت میں بھی اسرائیل تنہا کارروائی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق افی ڈیفرین نے ایران کو بدستور اسرائیل کے وجود کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو صفحہ ہستی سے مٹانے کا ایرانی تصور اب بھی برقرار ہے اور اس حوالے سے خطرات ختم نہیں ہوئے۔

اسرائیلی فوجی ترجمان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اور ایک دوسرے کے خلاف سخت بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔ 28 فروری کو جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیل اور ایران کے درمیان دھمکیوں اور جوابی انتباہات میں مسلسل شدت دیکھی جارہی ہے، جبکہ خطے میں ایک اور فوجی تصادم کے خدشات بھی برقرار ہیں۔

اس سے قبل ستمبر میں اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز بھی ایران کو سخت نتائج بھگتنے کی دھمکی دے چکے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا تو اسرائیلی فوج تہران کو ’’پتھر کے زمانے اور تاریکی‘‘ میں دھکیل دے گی۔

اسرائیلی قیادت کے حالیہ بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ تل ابیب ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے تمام امکانات برقرار رکھنا چاہتا ہے اور امریکی حمایت کے بغیر بھی کارروائی کرنے کی صلاحیت کا دعویٰ کر رہا ہے۔ تاہم اسرائیل کی جانب سے حملے کے کسی حتمی وقت یا عملی منصوبے کی تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت