بدھ، 25 نومبر، 2026 · 16 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کے الیکٹرک کا نظام، صارفین پر بھاری! جسارت کو 60 لاکھ روپے کا سپلیمنٹری بل، فوری ادا کرنے کا مطالبہ

قومی خبریں

کراچی: کے الیکٹرک کی بلنگ کا ایک غیر معمولی معاملہ سامنے آگیا، جہاں بجلی کا میٹر تبدیل کرانے کی شکایت کے بعد روزنامہ جسارت کو 96 ہزار اضافی یونٹس کا تقریباً 60 لاکھ روپے کا سپلیمنٹری بل جاری کردیا گیا۔ متنازع بل کی تحقیقات اور موجودہ ماہ کا معمول کا بل ادا کرنے کی پیشکش کے باوجود کے الیکٹرک کے جنرل منیجر کی جانب سے 25 لاکھ روپے فوری جمع کرانے پر اصرار کیا گیا۔ جسارت کے مجموعی بجلی کے واجبات 69 لاکھ 2 ہزار 671 روپے تک پہنچ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ اکتوبر میں روزنامہ جسارت کی انتظامیہ نے کے الیکٹرک کو شکایت کی تھی کہ دفتر کا بجلی کا میٹر اپنی جگہ سے ہٹ کر دیوار سے لٹک رہا ہے، لہٰذا اس کا معائنہ کرکے ضروری کارروائی کی جائے۔ صارف کی شکایت پر کے الیکٹرک کا عملہ موقع پر پہنچا اور میٹر تبدیل کردیا، اس کارروائی کے بعد جسارت انتظامیہ کو 96 ہزار یونٹس کا سپلیمنٹری بل موصول ہوا، جس کی مالیت تقریباً 60 لاکھ روپے بنتی ہے۔

ستمبر اور اکتوبر کے بلوں سمیت تقریباً 60 لاکھ 28 ہزار روپے کے واجبات سامنے آئے جبکہ نومبر کا بل شامل ہونے کے بعد مجموعی رقم 69 لاکھ 2 ہزار 671 روپے ہوگئی۔

اس معاملے کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ جسارت کے دفتر کا رواں ماہ کا بجلی کا بل 8 ہزار 804 یونٹس کے حساب سے 8 لاکھ 74 ہزار 93 روپے ہے، جو دفتر کے معمول کے اوسط ماہانہ بل کے مطابق ہے۔ جسارت انتظامیہ کا اعتراض معمول کے ماہانہ بل پر نہیں بلکہ گزشتہ مدت کے 96 ہزار اضافی یونٹس اور ان کے عوض جاری کیے گئے تقریباً 60 لاکھ روپے کے سپلیمنٹری بل پر ہے۔

اضافی یونٹس کے تعین اور بھاری بل کی بنیاد جاننے کے لیے جسارت انتظامیہ کے نمائندے کے الیکٹرک کے آئی بی سی نورانی آفس پہنچے، جہاں ادارے کے نمائندے احسن صاحب سے ملاقات ہوئی جبکہ جنرل منیجر نوید محمود بھی ٹیلی فونک گفتگو میں شریک ہوئے۔ جسارت انتظامیہ نے میٹر کی تبدیلی سے متعلق ریکارڈ، 96 ہزار یونٹس کے حساب اور سپلیمنٹری بل کے اجرا کی وجوہات پر وضاحت طلب کی۔

ملاقات کے دوران کے الیکٹرک کے نمائندے احسن صاحب نے تجویز پیش کی کہ فی الحال جسارت کو موجودہ ماہ کا بل ادا کرنے کی اجازت دے دی جائے، جبکہ متنازع سپلیمنٹری رقم کو بعد ازاں پیک سمر (Peak Summer) کے تناظر میں چیک کیا جائے۔ اس تجویز کے تحت معمول کے ماہانہ بل کی ادائیگی اور متنازع رقم کی الگ سے جانچ پڑتال ممکن تھی، جب یہ تجویز جنرل منیجر نوید محمود کے سامنے رکھی گئی تو انہوں نے اسے مسترد کردیا اور پہلی قسط کے طور پر 25 لاکھ روپے فوری ادا کرنے پر اصرار کیا۔

جسارت انتظامیہ نے موقف اختیار کیا کہ وہ رواں ماہ کے 8 لاکھ 74 ہزار 93 روپے کے بل کی ادائیگی کے لیے تیار ہے، گزشتہ مدت کے تقریباً 60 لاکھ روپے کے سپلیمنٹری بل کو متنازع قرار دیتے ہوئے اس کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں۔ انتظامیہ نے مطالبہ کیا کہ اضافی یونٹس کے حساب کی تصدیق اور بل کی بنیاد واضح ہونے تک متنازع رقم کو الگ رکھا جائے، لیکن اس درخواست کو بھی قبول نہیں کیا گیا۔

اس صورت حال نے کئی اہم سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ اگر 96 ہزار اضافی یونٹس کا حساب درست ہے تو کے الیکٹرک اس کی مکمل تفصیلات اور بنیاد صارف کے سامنے کیوں نہیں رکھتی؟ میٹر کی تبدیلی سے پہلے اور بعد کی ریڈنگ کیا تھی؟ اتنی بڑی تعداد میں اضافی یونٹس کس طریقہ کار کے تحت شمار کیے گئے؟ اور جب ادارے کے نمائندے نے خود متنازع رقم کی بعد میں جانچ پڑتال کی تجویز دی تو تحقیقات سے پہلے 25 لاکھ روپے کی فوری ادائیگی پر اصرار کیوں کیا گیا؟

جسارت انتظامیہ نے اس معاملے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی محتسب اور نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سپلیمنٹری بل کے اجرا، میٹر کی تبدیلی کے ریکارڈ، اضافی یونٹس کے تعین اور رقم کے حساب کتاب کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں تاکہ صارف کو معلوم ہوسکے کہ اس پر عائد کیے گئے بھاری واجبات کی اصل بنیاد کیا ہے۔

یہ معاملہ صرف روزنامہ جسارت کے بجلی کے بل تک محدود نہیں بلکہ کراچی کے لاکھوں بجلی صارفین کے لیے بھی اہم سوالات اٹھاتا ہے۔ اگر کسی صارف کو اپنے بل میں غیر معمولی اضافی یونٹس یا بھاری سپلیمنٹری رقم نظر آئے تو کیا اسے پہلے اس رقم کی جانچ پڑتال اور وضاحت حاصل کرنے کا موقع نہیں ملنا چاہیے؟ کیا متنازع بل کی تحقیقات کے بغیر لاکھوں روپے کی فوری ادائیگی کا مطالبہ مناسب طریقہ کار ہے؟

بجلی فراہم کرنا کے الیکٹرک کی ذمہ داری ہے، لیکن درست بل جاری کرنا، یونٹس کا قابلِ تصدیق حساب دینا اور صارفین کی شکایات کا منصفانہ ازالہ کرنا بھی اسی ذمہ داری کا حصہ ہے۔ میٹر تبدیل ہوا، 96 ہزار اضافی یونٹس کا بل جاری ہوگیا اور 25 لاکھ روپے فوری ادا کرنے کا مطالبہ سامنے آگیا، لیکن بنیادی سوال اب بھی جواب طلب ہے کہ آخر اس غیر معمولی بل کی بنیاد کیا ہے اور اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے؟

بشکریہ روزنامہ جسارت