پاکستان میں کاروباری اعتماد کی سطح منفی، غیر ملکی سرمایہ کاروں کی تشویش میں اضافہ

کراچی: پاکستان میں عالمی سیاسی کشیدگی، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور توانائی کے بحران کے باعث کاروباری اعتماد کی سطح میں تشویشناک حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔
او آئی سی سی آئی کے حالیہ سروے کے مطابق ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد منفی زون میں داخل ہو چکا ہے۔
مجموعی کاروباری اعتماد 36 فیصد پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ مثبت 13 سے کم ہو کر منفی 23 فیصد پر آ گیا ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں گراوٹ زیادہ نمایاں ہے، جو 55 فیصد پوائنٹس گر کر منفی 27 فیصد کی سطح تک پہنچ گیا ہے۔
کاروباری اداروں کا کہنا ہے کہ حکومتی پالیسیوں میں غیر یقینی صورتحال، سیکیورٹی کے مسائل اور کاروباری اخراجات میں مسلسل اضافہ ملکی معیشت کے لیے بڑی رکاوٹ ہیں۔ مینوفیکچرنگ، خدمات اور ریٹیل جیسے اہم شعبوں میں اعتماد کا فقدان سرمایہ کاری اور نئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی راہ میں دیوار بن چکا ہے۔
او آئی سی سی آئی کے صدر عمر احسن خان نے کہا کہ یہ نتائج پالیسی سازوں کے لیے ایک انتباہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے مسابقتی ٹیکس نظام، سستی بجلی کی فراہمی اور حکومتی فیصلوں میں تسلسل انتہائی ضروری ہے تاکہ سرمایہ کاروں کا کھویا ہوا اعتماد دوبارہ بحال ہو سکے۔
سیکریٹری جنرل ایم عبدالعلیم نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا رویہ مثبت رہتا تھا، لیکن اب حالات تبدیل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے خدشات صرف عالمی صورتحال تک محدود نہیں بلکہ ملکی سطح پر درپیش مسائل کا حل بھی ناگزیر ہے۔
سروے میں شامل 84 فیصد شرکا نے مہنگائی اور 81 فیصد نے بھاری ٹیکسوں کو ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ قرار دیا ہے۔
اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ کاروباری ماحول کی بہتری کے بغیر ملک میں نجی شعبے کی قیادت میں پائیدار معاشی ترقی کا خواب پورا کرنا ممکن نہیں ہوگا، اس لیے فوری اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت