کراچی ایڈمن سوسائٹی میں زیرِ تعمیر عمارت منہدم، ایک شخص جاں بحق، 10 زخمی

کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی کے بلاک 4 میں چھ منزلہ زیرِ تعمیر عمارت کی بالائی منزلیں گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ملبے سے ایک لاش اور 10 زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے۔ عمارت گرنے سے پہلے ہلنا شروع ہوگئی تھی اور ملبے تلے مزید افراد کی موجودگی کا خدشہ ہے، جس کے باعث بھاری مشینری کے ذریعے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارت میں فنشنگ کا کام جاری تھا اور وہاں کوئی رہائش پذیر نہیں تھا۔ 600 گز کے پلاٹ پر تعمیر ہونے والی عمارت کے حوالے سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے بتایا کہ وہاں گراؤنڈ پلس 5 عمارت کی تعمیر تھی، تاہم رہائشی پلاٹ پر مبینہ طور پر کمرشل تعمیرات اور غیر قانونی فلیٹ نما پورشنز بنائے جارہے تھے۔
واقعے کے بعد ایس بی سی اے کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے شہری کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہلخانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت