این سی سی آئی اے کو پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی تنظیم نو پر غور کیا گیا، جس کے دوران ادارے کو پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز پیش کردی گئی۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ادارے کی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور مستقبل کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مجوزہ پاکستان سائبر پولیس کے لیے میرٹ پر بہترین افرادی قوت بھرتی کی جائے گی، جبکہ قومی سلامتی کے حوالے سے سائبر کرائم کا مخصوص نظام بھی فعال ہوچکا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو سائبر جرائم سے محفوظ رکھنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ادارے کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے، آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے ماہرین کی میرٹ پر تعیناتی اور زیرِ التوا مقدمات جلد نمٹانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے تنظیم نو کی سفارشات کا جائزہ لینے کے لیے وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر مملکت شزا فاطمہ خواجہ پر مشتمل خصوصی کمیٹی بھی قائم کردی، جو رواں ہفتے کے اختتام تک اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت