بدھ، 25 نومبر، 2026 · 16 جمادی الثانی، 1448 ہجری

شوگر سیکٹر میں تاریخی تبدیلیاں، کاشتکاروں کو فصل فروخت کرنے کی مکمل آزادی ملے گی

قومی خبریں

اسلام آباد: وفاقی حکومت اور تمام صوبائی انتظامیہ نے ملک کی شوگر انڈسٹری میں تاریخی اصلاحات نافذ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ڈی ریگولیشن پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس فیصلے کا مقصد چینی کی صنعت کو حکومتی ضابطوں سے نکال کر آزادانہ مارکیٹ کے نظام پر منتقل کرنا ہے۔

نئی پالیسی کے تحت گنے کے کاشتکاروں کو اپنی فصل کسی بھی خریدار کو فروخت کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہوگی جبکہ گنے کی قیمت اب سرکاری تعین کے بجائے مارکیٹ کے حالات کے مطابق طے کی جائے گی۔ اس اقدام سے کاشتکاروں کو اپنی پیداوار کا بہتر معاوضہ ملنے کی توقع ہے۔

حکومت نے شوگر ملوں کے قیام اور ان کی پیداواری صلاحیت بڑھانے پر عائد تمام تر پابندیاں ختم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ اب ملیں مارکیٹ کی طلب اور ضرورت کے مطابق اپنی پیداوار کے فیصلے کرنے میں آزاد ہوں گی، جس سے صنعت میں مسابقت کی نئی فضا قائم ہوگی۔

چینی کی برآمد اور درآمد کے لیے اب شفاف طریقہ کار اپنایا جائے گا جبکہ چینی کی برآمد پر دی جانے والی سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملک بھر میں چینی کی بین الصوبائی نقل و حرکت کو بھی مکمل طور پر آسان بنایا جائے گا تاکہ تجارت میں رکاوٹیں نہ رہیں۔

وزارت صنعت و پیداوار کا کہنا ہے کہ یہ اصلاحات کاشتکاروں، ملرز اور تاجروں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفاد میں ہیں۔ اس کے علاوہ زرعی قرضوں تک رسائی کو آسان بنانے اور فارم میکانائزیشن کے فروغ کے لیے بھی جدید اسکیمیں متعارف کرائی جائیں گی تاکہ پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہو سکے۔

حکومت نے شوگر سیکٹر میں کموڈٹی مارکیٹس کو ترقی دینے کا عزم بھی ظاہر کیا ہے تاکہ قیمتوں کا تعین منصفانہ اور شفاف ہو۔

ماہرین اس پالیسی کو ملکی شوگر انڈسٹری کے لیے ایک گیم چینجر قرار دے رہے ہیں جس سے نئی سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کی راہیں کھلیں گی۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق اس کا بنیادی مقصد سیکٹر کو غیر ضروری سرکاری کنٹرول سے آزاد کر کے ایک فعال معاشی مرکز بنانا ہے۔ یہ پالیسی ملک میں زرعی و صنعتی ترقی کے لیے ایک اہم پیشرفت ہے، جس سے طویل مدت میں ملکی معیشت کو مستحکم ہونے میں نمایاں مدد ملے گی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت