ٹرمپ انتظامیہ کا ایران کے سخت گیر رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے آپشن پر غور

واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ میں ایران کی سخت گیر قیادت کو نشانہ بنانے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق اس حکمت عملی کا مقصد ایرانی رہنماؤں کو ہدف بنا کر تہران کو جنگ بندی اور مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے مجبور کرنا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران اس آپشن پر بحث میں نمایاں تیزی آئی ہے۔ تجویز کے حامیوں کا خیال ہے کہ اہم رہنماؤں کو راستے سے ہٹانے سے باقی قیادت تک یہ واضح پیغام پہنچے گا کہ امریکا کسی بھی وقت ان تک رسائی رکھتا ہے۔
دوسری جانب امریکی انتظامیہ کے اندر ہی اس تجویز کے حوالے سے شدید تحفظات بھی پائے جاتے ہیں۔ ناقدین نے خبردار کیا ہے کہ ایسا اقدام ایرانی قیادت کے موقف کو مزید سخت بنا سکتا ہے، جس کے بعد مستقبل میں کسی بھی قسم کے سفارتی رابطوں کی بحالی ناممکن ہو جائے گی۔
عسکری ماہرین نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا ہے کہ ایسی کسی بھی کارروائی کے ردعمل میں ایران کی جانب سے جوابی حملوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ اس صورت میں خطے میں تعینات امریکی مفادات اور حکام کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، جو صورتحال کو مزید بگاڑ دیں گے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے تاحال کئی آپشنز موجود ہیں جن میں ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی بھی شامل ہے، تاہم انہوں نے ایرانی رہنماؤں کو نشانہ بنانے یا کسی فوجی آپریشن کے حوالے سے اب تک کوئی بھی حتمی فیصلہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
یاد رہے کہ ماضی میں بھی امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مشترکہ کارروائیوں کے دوران ایرانی عسکری قیادت کو نشانہ بنایا گیا تھا، مگر ان کارروائیوں کے باوجود امریکا اپنے مطلوبہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا۔
رپورٹس کے مطابق تاحال اس رپورٹ پر تہران یا وائٹ ہاؤس کی طرف سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت