نئی خلائی تاریخ رقم: پاکستان 2035ء میں اپنا انسانی مشن چاند پر بھیجے گا

اسلام آباد: پاکستان نے خلا نوردی کی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔
چیئرمین سپارکو ڈاکٹر یوسف خان نے واضح کیا ہے کہ پاکستان 2035 تک اپنے خلائی مشن کے ذریعے چاند کی سطح پر قدم رکھنے میں کامیابی حاصل کر لے گا۔
سپارکو ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یوسف خان نے کہا کہ یہ دن ملک کے لیے انتہائی تاریخی حیثیت رکھتا ہے۔ گزشتہ 6 ماہ کے دوران پاکستان نے کامیابی سے متعدد سیٹلائٹس خلا میں بھیج کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے جو کہ ایک اہم پیشرفت ہے۔
خلائی تحقیق کے سلسلے میں ملک بھر کے تعلیمی اداروں اور جامعات سے ماہرین نے تقریباً 300 تجربات جمع کیے تھے۔ ان میں سے 4 انتہائی اہم تجربات کو حتمی طور پر منتخب کیا گیا ہے، جبکہ دیگر تمام تجربات کو بھی مستقبل کے لیے محفوظ کر لیا گیا ہے تاکہ تحقیق جاری رہے۔
خلا بازوں کے انتخاب کے عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر یوسف خان نے کہا کہ یہ کام بہت کٹھن اور پیچیدہ تھا۔ امیدواروں کی طبی فٹنس اور شدید نفسیاتی دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت کو بنیاد بنا کر سخت جانچ کے بعد بہترین افراد کو اس مشن کے لیے چنا گیا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں ملک بھر سے 50 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا جن میں سے 19 افراد کو تربیت کے لیے چین بھیجا گیا۔ اس عمل سے گزر کر بالآخر محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو خلائی مشن کے لیے حتمی امیدوار کے طور پر منتخب کر لیا گیا ہے جو ملک کی نمائندگی کریں گے۔
ڈاکٹر یوسف خان نے مزید کہا کہ پاکستان کا خلائی سفر اس کامیابی پر ہرگز نہیں رکے گا بلکہ اسے تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ 2035 کا ہدف ملک کے خلائی پروگرام کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا جس سے سائنسی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت