ایران میں آبادی میں کمی کا خطرہ، سپریم لیڈر کا نوجوانوں کو جلد شادی کا مشورہ

تہران: ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ملکی آبادی میں تیزی سے آتی ہوئی کمی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نوجوان نسل پر زور دیا ہے کہ وہ جلد شادی کے بندھن میں بندھیں اور زیادہ بچے پیدا کرنے کی جانب توجہ دیں۔
خبر رساں اداروں کے مطابق ایک قومی تقریب کے دوران اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کی مستحکم اور روشن مستقبل کے لیے آبادی میں اضافہ انتہائی اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد ملکی معاشی اور ثقافتی ترقی کی ضمانت ہے۔
انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ شادیوں کو آسان بنانے اور بچوں کی پیدائش کی حوصلہ افزائی کے لیے جامع اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ خاندانوں کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے سہولتوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
ایرانی قیادت نے خبردار کیا کہ آبادی میں اضافہ نہ صرف ملک کے سائنسی اور سماجی شعبوں میں نئے امکانات پیدا کرے گا بلکہ یہ دشمنوں کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں اور منفی عزائم کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک مضبوط ڈھال ثابت ہوگا۔ اس لیے اسے قومی ترجیح دی جائے۔
واضح رہے کہ ایران میں موجودہ صورتحال کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ مارچ 2026 تک شرح پیدائش فی خاتون محض 1.34 تک گر چکی ہے۔ آبادی کو ایک متوازن سطح پر برقرار رکھنے کے لیے یہ شرح کم از کم 2.1 ہونی چاہیے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ کچھ برسوں کے دوران ملک میں شادیوں کے رجسٹرڈ ہونے کی شرح میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ 2010ء میں جہاں 8 لاکھ سے زائد شادیاں ہوئی تھیں، وہیں 2026ء میں یہ تعداد کم ہو کر 4 لاکھ 31 ہزار رہ گئی ہے۔
ایرانی ماہرین کے مطابق حکام کو چاہیے کہ ماضی کی آبادی سے متعلق پالیسیوں میں موجود خامیوں کو فوری طور پر دور کریں۔ عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لیے نئی حکمت عملی ترتیب دی جائے تاکہ معاشرتی اقدار کو فروغ دے کر نسل کو بڑھانے کا عمل دوبارہ تیز ہو سکے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت