خواتین پر تشدد کا خاتمہ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، حافظ نعیم کا عالمی دن پر پیغام

لاہور: خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے معاشرے اور حکومت کو خواتین کی حفاظت کے لیے عملی اقدامات کرنے کی تنبیہ کی ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ درحقیقت انسانی حقوق کی پاسداری کے مترادف ہے، لہذا خواتین اور بچیوں کو تشدد سے محفوظ رکھنا معاشرے کے تمام طبقات اور خاص کر حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تشدد کی روک تھام کے لیے تعلیم، آگاہی اور مردوں کے مثبت کردار کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
حافط نعیم کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان خواتین کے وقار، مساوات اور قومی ترقی میں ان کی شرکت کی مکمل ضمانت فراہم کرتا ہے۔ کسی بھی بچی یا خاتون کو خوف کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور نہیں ہونا چاہیے۔ اس مقصد کے لیے ملک میں موجود خواتین پر تشدد کے قوانین پر فوری اور مؤثر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔
امیر جماعت نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو کام کی جگہوں پر ہراساں کرنے کے بجائے ایک محفوظ ماحول فراہم کرنا وقت کا تقاضا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آن لائن تشدد کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات ضروری ہیں، جبکہ خواتین کو تعلیم اور روزگار کے شعبوں میں مردوں کے برابر مساوی مواقع ملنے چاہییں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت