پنجاب میں مزید10 ٹول پلازے بنانے کا فیصلہ

لاہور:محکمہ مواصلات و تعمیرات پنجاب نے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت صوبے کی تین اہم شاہراہوں پر 10 جدید ٹول پلازے قائم کرنے کے معاہدوں پر دستخط کر دیے۔
منصوبے کے تحت حکومت کو 7سال کے دوران تقریبا 16.3 ارب روپے کی کم از کم گارنٹی شدہ آمدن حاصل ہوگی۔
معاہدوں پر دستخط کی تقریب صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔
سیکرٹری مواصلات و تعمیرات راجا جہانگیر انور، زیڈ کے بی برادرز کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد سلیمان خان اور کائنات انٹرپرائزز کے شفقت چرچل نے معاہدوں پر دستخط کیے۔
صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ کے مطابق منصوبے کے تحت پنجاب کی 318 کلومیٹر طویل تین شاہراہوں پر جدید ٹول پلازے تعمیر کیے جائیں گے۔
مریدکے، نارووال، شکرگڑھ روڈ کے 113 کلومیٹر حصے پر تین ٹول پلازے، فیصل آباد، سمندری، رجانہ روڈ اور کینال ایکسپریس وے کے 108 کلومیٹر حصے پر تین جبکہ فیصل آباد رنگ روڈ کے 97 کلومیٹر حصے پر چار ٹول پلازے قائم کیے جائیں گے۔
معاہدے کے مطابق دونوں کمپنیاں 6 ماہ کے اندر جدید ٹول پلازوں کی تنصیب مکمل کریں گی، متعلقہ کمپنیاں ٹول پلازوں کو آپریشنل بنانے کے ساتھ شاہراہوں کی دیکھ بھال، ضرورت کے مطابق مرمت اور بحالی کی بھی ذمہ دار ہوں گی۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات اور تھرڈ پارٹی کی جانب سے سڑکوں کا ماہانہ معائنہ کیا جائے گا تاکہ تعمیر و مرمت اور دیکھ بھال کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے ۔
ملک صہیب احمد بھرتھ نے معاہدہ کرنے والی کمپنیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں مکمل ذمہ داری اور پیشہ ورانہ معیار کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی،ان کا کہنا تھا کہ منصوبے میں حکومتی سرمایہ کاری کے بغیر حکومت کے لیے آمدن کا حصول یقینی بنایا گیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت