پنجاب میں 5 برس کے دوران ایک لاکھ سے زائد لاپتا خواتین کے کیس رپورٹ
پنجاب میں خواتین کی گمشدگی کے واقعات میں تشویش ناک اضافہ سامنے آیا ہے، جہاں 2021 سے 2025 تک ایک لاکھ سے زائد خواتین کے لاپتا ہونے کے مقدمات درج کیے گئے، جبکہ رواں سال بھی 21 ہزار 956 خواتین کی گمشدگی کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
اس حوالے سے آئی جی پنجاب نے لاہور ہائیکورٹ میں رپورٹ جمع کراتے ہوئے بتایا کہ رواں سال لاپتا ہونے والی خواتین کے مقدمات میں سے 1 ہزار 781 تاحال حل طلب ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں خواتین کی گمشدگی کے سب سے زیادہ واقعات لاہور میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
عدالت نے پولیس کی جانب سے پیش کردہ اعداد و شمار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ 1 ہزار 87 خواتین کو اب تک بازیاب کیوں نہیں کرایا جا سکا؟ عدالت نے لاہور پولیس کی کارکردگی پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ موجودہ پولیس ٹیم کام کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی، اسے تبدیل کیا جائے۔
عدالت نے خواتین کی بازیابی کے معاملات میں خواتین پولیس افسران کو ذمہ داریاں سونپنے کی بھی ہدایت کی، جبکہ اس مقصد کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیا۔
عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ لاپتا خواتین کی تلاش اور بازیابی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور آئندہ سماعت پر پیش رفت سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت