منگل، 24 نومبر، 2026 · 15 جمادی الثانی، 1448 ہجری

لاہور: مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کے باہر پولیس تعینات، نقل و حرکت محدود کرنیکی ہدایت

قومی خبریں

لاہور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس تعینات کردی گئی، جبکہ ان کی نقل و حرکت بھی محدود کردی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے چوہنگ میں مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کے باہر پولیس کی نفری تعینات کی گئی ہے اور انہیں نقل و حرکت محدود رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

دوسری جانب مولانا فضل الرحمان کو گھر میں نظر بند کیے جانے کے خلاف ان کی بازیابی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے، جس میں آئی جی پنجاب، ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست جے یو آئی کے کارکن اور وکیل ابرار حسین نے دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کی ناکہ بندی کرکے ان کی نقل و حرکت محدود کردی ہے۔ درخواست میں عدالت سے مولانا فضل الرحمان کی بازیابی کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرنا تھی۔

اس حوالے سے مولانا فضل الرحمان نے کچھ دیر قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ اس وقت ریاستی حصار میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور بار ایسوسی ایشن نے آج آل پارٹیز سیمینار کا انعقاد کیا تھا، جس میں مختلف سیاسی رہنماؤں سمیت انہیں بھی اپنے خیالات کے اظہار کی دعوت دی گئی تھی، تاہم افسوس ہے کہ انہیں شرکت سے روکا جا رہا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پورا لاہور ریاستی رکاوٹوں کی زد میں ہے، تمام راستے بند اور جگہ جگہ ناکے لگائے گئے ہیں، جس کے باعث ایک مہذب شہری کو اہل دانش کی محفل میں شرکت سے محروم کیا جا رہا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت