متحدہ عرب امارات: بس و ٹرک میں خوفناک تصادم، 11 افراد ہلاک
متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں بس اور ٹرک کے درمیان ہولناک حادثے نے 11 افراد کی جان لے لی، جبکہ واقعے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے متعلقہ حکام نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اماراتی وزارت داخلہ نے منگل کو حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تصادم کی اطلاع ملتے ہی مختلف امدادی اداروں کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی سرگرمیاں شروع کردیں۔
اماراتی وزارت داخلہ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں کہا گیا کہ حادثے کے بعد ریسکیو کارروائیوں میں ایمبولینس سروس، شہری دفاع اور دیگر متعلقہ اداروں نے حصہ لیا۔ امدادی اہلکاروں نے جائے حادثہ کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی آمدورفت معمول پر رکھنے کے لیے بھی اقدامات کیے۔
حکام کے مطابق حادثے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی، تاہم واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حادثے کی وجوہات اور دیگر تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔
اماراتی وزارت داخلہ نے سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سڑکوں پر سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ وزارت نے عوام سے یہ اپیل بھی کی کہ حادثے سے متعلق معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر بھروسا کریں اور غیر مصدقہ خبریں یا افواہیں پھیلانے سے اجتناب کریں۔
واضح رہے کہ نومبر کے دوران متحدہ عرب امارات میں پیش آنے والا یہ دوسرا بڑا ٹریفک حادثہ ہے۔ اس سے قبل 12 نومبر کو ریاست فجیرہ میں متعدد گاڑیوں کے درمیان شدید تصادم کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے تھے۔
اس واقعے میں ایک ٹرک ڈرائیور گاڑی پر قابو برقرار نہ رکھ سکا تھا، جس کے بعد ٹرک یکے بعد دیگرے کئی گاڑیوں سے ٹکرا گیا تھا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت