سندھ اسمبلی میں طلبہ یونینز کے انتخابات کرانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور
سندھ اسمبلی نے صوبے کی تمام سرکاری اور نجی جامعات و کالجز میں طلبہ یونینز کے انتخابات کرانے سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ قرارداد جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے پیش کی، جس میں حکومت سندھ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ طلبہ یونینز کے انتخابی عمل کا فوری آغاز کرتے ہوئے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا جائے۔
قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے محمد فاروق نے کہا کہ طلبہ یونینز جمہوری معاشرے کی بنیادی نرسری کی حیثیت رکھتی ہیں، جہاں نوجوانوں کو قیادت، نمائندگی اور جمہوری عمل میں حصہ لینے کے مواقع میسر آتے ہیں۔ طلبہ یونینز نہ صرف طلبہ کی مؤثر نمائندگی کا آئینی اور جمہوری حق ہیں بلکہ مستقبل کی قومی قیادت تیار کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے طلبہ یونینز کی بحالی کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں، کیونکہ یہ جمہوری حقوق کی بحالی کی جانب ایک مثبت پیشرفت ہے۔ تاہم صرف قانونی طور پر یونینز کی بحالی کا اعلان کافی نہیں، بلکہ طلبہ کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا عملی حق بھی دیا جانا چاہیے۔
محمد فاروق کا کہنا تھا کہ بحالی کے حکومتی اقدام کے باوجود صوبے کی سرکاری اور نجی جامعات میں تاحال طلبہ یونینز کے انتخابات نہیں ہوسکے، جس کے باعث طلبہ اپنی منتخب قیادت کے ذریعے مؤثر نمائندگی سے محروم ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت صوبے کی تمام سرکاری و نجی جامعات اور کالجز میں طلبہ یونینز کے آزادانہ اور شفاف انتخابات یقینی بنائے اور اس سلسلے میں فوری طور پر انتخابی شیڈول جاری کیا جائے تاکہ تعلیمی اداروں میں انتخابی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوسکے۔
قرارداد میں اس بات پر زور دیا گیا کہ طلبہ کو جمہوری طریقے سے اپنی قیادت منتخب کرنے کا موقع فراہم کرنا ضروری ہے، اس لیے حکومت سندھ محض بحالی کے اعلان تک محدود رہنے کے بجائے انتخابات کے انعقاد کے لیے عملی اقدامات کرے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت