منگل، 24 نومبر، 2026 · 15 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایران کا امریکا سے مذاکرات سے انکار، 7 شرائط کی تکمیل لازم قرار

قومی خبریں
ایران کا امریکا سے مذاکرات سے انکار، 7 شرائط کی تکمیل لازم قرار

تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے واضح کیا ہے کہ تہران امریکا کے ساتھ اس وقت تک کوئی مذاکرات نہیں کرے گا جب تک کہ ان کی جانب سے پیش کردہ سات اہم شرائط کو مکمل طور پر تسلیم نہیں کر لیا جاتا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق محمد باقر قالیباف نے کہا کہ موجودہ کشیدگی کی ذمہ داری واشنگٹن کی مایوسی پر مبنی پالیسیوں پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کسی بھی قسم کی جارحانہ کارروائی کا بھرپور جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور دفاع میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے انتباہ کیا کہ اگر امریکا نے صورتحال کو غلط اندازے سے جانچنے کی کوشش کی تو تنازع کا دائرہ کار خطے میں مزید وسیع ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے حالیہ بیانات کے جواب میں سامنے آیا ہے جس میں سخت اقدامات کا عندیہ دیا گیا تھا۔

امریکی وزیر خزانہ نے دعویٰ کیا تھا کہ واشنگٹن ایران کے مالیاتی نیٹ ورکس کو ہدف بنانا جاری رکھے گا۔ اس پیش رفت کے بعد امریکی محکمہ خزانہ نے پیر کے روز ایران سے منسلک دو درجن سے زائد کمپنیوں، ایکسچینج ہاؤسز اور اہم عہدیداروں پر مزید سخت پابندیاں عائد کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

یاد رہے کہ ایران کی جانب سے پیش کردہ 7 شرائط میں ایرانی بندرگاہوں پر امریکی بحری ناکہ بندی کا خاتمہ، اقتصادی پابندیوں میں واضح نرمی اور بیرون ملک منجمد ایرانی اثاثوں کی فوری بحالی شامل ہیں۔ تہران کا مطالبہ ہے کہ تمام محاذوں پر غیر مشروط جنگ بندی اور جنگ کے باضابطہ خاتمے کا اعلان کیا جائے۔

محمد باقر قالیباف کا یہ مؤقف ظاہر کرتا ہے کہ ایران اپنی خارجہ پالیسی پر کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں ہے۔ امریکی پابندیاں صرف کشیدگی میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں اور مذاکرات کے لیے ماحول سازگار بنانے کے بجائے باہمی بداعتمادی کو مزید گہرا کر رہی ہیں۔

اس وقت خطے کی صورتحال انتہائی حساس مرحلے پر کھڑی ہے جہاں ایران اپنے دفاعی مؤقف پر کاربند دکھائی دیتا ہے۔ عالمی برادری کے لیے یہ ایک بڑا چیلنج ہے کہ وہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان بڑھتی ہوئی خلیج کو کم کرنے کے لیے کوئی سفارتی راستہ نکالنے میں کامیاب ہو سکے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت