لاہور قلندرز نے کمندو مینڈس کو ڈائریکٹ سائننگ کر لیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے لیے لاہور قلندرز نے اپنی ٹیم کو مضبوط بنانے کی غرض سے سری لنکا کے باصلاحیت کرکٹر کمندو مینڈس کو 6 کروڑ 38 لاکھ روپے میں براہ راست معاہدے کے تحت ٹیم کا حصہ بنالیا۔
اس اہم تقرری کا اعلان لاہور قلندرز کے مالک ثمین رانا اور کپتان شاہین شاہ آفریدی نے منفرد انداز میں کیا۔ فرنچائز انتظامیہ کو امید ہے کہ سری لنکن کھلاڑی کی شمولیت سے ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کو مزید استحکام ملے گا۔
لاہور قلندرز کا حصہ بننے پر کمندو مینڈس نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹیم سے وابستہ ہونا ان کے لیے بہترین موقع ہے اور وہ قلندرز خاندان میں شمولیت پر بے حد خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹیم کے ساتھ اچھا وقت گزارنے اور آئندہ سیزن میں اپنی صلاحیتوں کے مطابق بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پُرجوش ہیں۔
سری لنکن کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ وہ میدان میں اترنے اور لاہور قلندرز کے پرجوش شائقین کے سامنے کھیلنے کے منتظر ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ اپنی کارکردگی کے ذریعے مداحوں کو خوشی منانے کے متعدد مواقع فراہم کریں۔
دوسری جانب لاہور قلندرز کے مالک ثمین رانا نے کمندو مینڈس کی شمولیت کو ٹیم کے لیے اہم اضافہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت کرکٹر ہیں اور ان کی آمد سے ٹیم کے مڈل آرڈر کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت