منگل، 24 نومبر، 2026 · 15 جمادی الثانی، 1448 ہجری

وزیراعظم نے وزرا کی جانب سے ایک دوسرے کیخلاف حالیہ بیان بازی کا نوٹس لے لیا

قومی خبریں

اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے وزرا کی جانب سے حالیہ بیان بازی کا نوٹس لے لیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے ارکان کے درمیان ایک دوسرے کے خلاف بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے وزرا کو باہمی اختلافات عوام کے سامنے لانے سے روک دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق انہوں نے واضح کیا کہ کابینہ کے ارکان کے درمیان معاملات افہام و تفہیم اور باہمی اتفاق رائے سے حل ہونے چاہئیں اور ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیان بازی کا سلسلہ مکمل طور پر بند ہونا چاہیے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی وزرا کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف بیانات دینے سے حکومت کے بارے میں منفی تاثر پیدا ہوتا ہے، جبکہ اس طرز عمل کے باعث عوامی مسائل کے حل اور ملک میں تعمیر و ترقی کے اقدامات سے توجہ ہٹ جاتی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے ارکان اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں، اس لیے انہیں سیاسی محاذ آرائی کے بجائے عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں پر اپنی توجہ مرکوز رکھنی چاہیے۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ غیر ضروری بیان بازی سے اجتناب کریں اور مثبت مکالمے کو فروغ دیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مرکوز ہے اور حکومت معاشی استحکام کے بعد ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے کوشاں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی استحکام کا قیام اجتماعی ذمہ داری ہے اور تمام سیاسی و حکومتی نمائندوں کو اس مقصد کے حصول کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت