منگل، 24 نومبر، 2026 · 15 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، ہنڈرڈ انڈیکس 179 ہزار پوائنٹس کی سطح چھو گیا

قومی خبریں

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، کاروبار کے آغاز پر ہی ہنڈرڈ انڈیکس میں 1500 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 179 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد کے قریب پہنچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق منگل کے روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور خریداری دیکھی گئی۔ کاروبار کے ابتدائی لمحات میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 1490.50 پوائنٹس اضافے کے بعد 178,964.35 پوائنٹس پر پہنچ گیا، جبکہ دورانِ کاروبار انڈیکس کی بلند ترین سطح 179,077.52 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔

تاہم کاروبار کے اختتام پر کچھ فروخت کے دباؤ کے باوجود مارکیٹ مثبت زون میں برقرار رہی اور ہنڈرڈ انڈیکس 1068.43 پوائنٹس کے اضافے سے 178,542.28 پوائنٹس پر بند ہوا، جو گزشتہ کاروباری سیشن کے مقابلے میں 0.60 فیصد اضافہ ہے۔

مارکیٹ میں تیزی کے دوران بینکنگ، سیمنٹ، آٹوموبائل، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس اور پاور سیکٹر کے حصص میں خریداری کا رجحان نمایاں رہا۔

معاشی ماہرین کے مطابق عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں بہتری، وال اسٹریٹ میں تیزی اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی نے بھی پاکستانی اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان کو تقویت دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں محدود تیزی دیکھی گئی تھی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 91.29 پوائنٹس اضافے کے بعد 177,473.86 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت