منگل، 24 نومبر، 2026 · 15 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کے پی کے میں سی ٹی ڈی کا کامیاب آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک

قومی خبریں
کے پی کے میں سی ٹی ڈی کا کامیاب آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک

پشاور: محکمہ انسدادِ دہشت گردی کی جانب سے ایک اہم انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

یہ کارروائی بڈابیر کے علاقے جانے خوڑ میرہ باچا خیل میں کی گئی جہاں مسلح دہشت گردوں کا ایک گروہ موجود تھا۔ مصدقہ ذرائع کے حوالے سے نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی کی اسپیشل ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہپر پہنچیں، جہاں جوانوں نے دہشت گردوں کا گھیراؤ کیا تو انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے بعد مقابلہ شروع ہوا۔

سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 25 منٹ تک جاری رہا۔ اس جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد مارے گئے جبکہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا کمانڈر تاج محمد عرف شینے اپنے چند ساتھیوں سمیت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہا۔

آپریشن کے بعد علاقے میں کی گئی تلاشی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے 3 کلاشنکوف، 2 پستول، ایک دستی بم اور بڑی تعداد میں کارتوس برآمد کیے گئے۔ ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت کا عمل فی الحال جاری ہے تاکہ ان کا ریکارڈ دیکھا جا سکے۔

واقعے کے بعد علاقے میں مزید نفری طلب کر لی گئی ہے اور فرار ہونے والے کمانڈر اور اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کسی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے اس کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ملک دشمن عناصر کے خلاف اسی طرح مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

حکومت اور سکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ پولیس اور سی ٹی ڈی کے جوان اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر امن و امان کی بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں تاکہ عوام کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت