منگل، 24 نومبر، 2026 · 15 جمادی الثانی، 1448 ہجری

نئے صوبوں کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہوگا، رانا ثنا اللہ کی محسن نقوی پر تنقید

قومی خبریں
نئے صوبوں کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہوگا، رانا ثنا اللہ کی محسن نقوی پر تنقید

اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ محسن نقوی نے غلط انداز میں آگے بڑھا کر متنازع بنا دیا ہے جس کے بعد اب اس معاملے کا حتمی فیصلہ پارلیمنٹ کے ایوانوں میں کیا جائے گا۔

نجی ٹی وی کے مطابق رانا ثناء اللہ نے اپنے ایک بیان میں طنزیہ انداز اپناتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا محسن نقوی قائداعظم ہیں کہ ان کی ذات اور افکار پر بحث کی جائے؟ انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کو اپنی کارکردگی کی ناکامیوں کو تسلیم کرنے کا حوصلہ پیدا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی محسن نقوی کی ذاتی حیثیت پر کوئی بات نہیں کی بلکہ صرف ان کی پالیسیوں پر اختلاف رائے کا اظہار کیا ہے۔ رانا ثناء اللہ نے واضح کیا کہ وہ ان دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں اور ہر شخص کو اپنی رائے رکھنے کا حق حاصل ہے۔

مشیر برائے سیاسی امور نے مزید کہا کہ محسن نقوی اب تک صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو اعتماد میں لینے میں ناکام رہے ہیں۔ صدر اور بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ان سے اس معاملے پر کوئی مشاورت نہیں ہوئی جس سے وزیر داخلہ کی حکمت عملی سوالیہ نشان بن گئی ہے۔

رانا ثناء اللہ نے زور دیا کہ گزشتہ 4 ماہ سے جاری اس عمل پر محسن نقوی کو وضاحت دینی چاہیے کہ انہوں نے اب تک کیا پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر متعلقہ باتیں کرکے اس حساس معاملے کو مزید الجھا دیا گیا ہے جس کی ذمہ داری اب متعلقہ وزیر کو ہی اٹھانی ہوگی۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ہمیشہ محسن نقوی کو وزیر داخلہ کی حیثیت سے ہی مخاطب کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر وزرا کی رائے کا احترام اپنی جگہ قائم ہے تاہم وہ قومی معاملات پر اپنی تنقیدی رائے دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں جس پر سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت