بھارتی رکن اسمبلی کی بیٹی کی شادی پر کروڑوں کے انتظامات، 50 لاکھ گلاب جامن اور گھوڑوں کی دوڑ کا اہتمام

بھارتی ریاست بہار کے رکن اسمبلی اننت سنگھ کی بیٹی کی شادی کے لیے غیرمعمولی انتظامات کیے جا رہے ہیں، جہاں مہمانوں کی تواضع کے لیے 50 لاکھ گلاب جامن تیار کیے جائیں گے، جبکہ گھوڑوں کی دوڑ کے فاتح کو قیمتی تھار گاڑی انعام میں دی جائے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اننت سنگھ المعروف ’’چھوٹے سرکار‘‘ کی بیٹی شیوانگی کی شادی رشی کیش کمار سے 25 نومبر کو پٹنہ کے آبائی گاؤں لادما میں ہوگی، جس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
شادی میں بڑی تعداد میں مہمانوں کی آمد متوقع ہے، جس کے لیے وسیع پیمانے پر باورچی خانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ مٹھائیاں بنانے کے لیے 10 ہزار کلوگرام گنجائش والے ٹینکروں کے ذریعے دودھ پہنچایا جا رہا ہے، جبکہ مہمانوں کی رہائش اور میزبانی کے لیے مزید 12 خیمے بھی لگائے جا رہے ہیں۔
تقریبات میں ملک بھر سے خصوصی نسل کے گھوڑے شریک ہوں گے اور ان کی دوڑ کے فاتح کو تھار گاڑی دی جائے گی۔ مہمانوں کی آمد کے لیے شادی کے مقام پر ہیلی پیڈ بھی تعمیر کیا گیا ہے۔
اننت سنگھ نے شادی کی تقریبات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مہمانوں کے استقبال کے لیے تیار ہیں، تاہم سوشل میڈیا پر ان شاہانہ انتظامات اور اخراجات کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت