وفاقی حکومت کی جانب سے صوبوں کے 1800 ارب کے واجبات کی عدم ادائیگی کا انکشاف

اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 172(3) کے تحت تیل اور گیس کے شعبے کی چار بڑی کمپنیوں کے منافع میں سے صوبوں کا ایک ہزار 800 ارب روپے سے زائد کا حصہ ادا نہ کرنے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے اختیارات کی منتقلی کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد سے پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی، ماری پیٹرولیم اور پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ نے مجموعی طور پر تین ہزار 600 ارب روپے منافع کمایا ہے۔
سینیٹر ضمیر گھمرو کی زیر صدارت اجلاس میں انکشاف ہوا کہ صوبوں کو ان کے آئینی حق کے مطابق منافع کا نصف حصہ نہیں ملا۔ او جی ڈی سی ایل کے منافع میں صوبوں کا حصہ 978 ارب، پی پی ایل کا 462 ارب، ماری پیٹرولیم کا 225 ارب اور پی او ایل کا 144 ارب روپے بنتا ہے۔
چیئرمین کمیٹی نے پیٹرولیم ڈویژن کو ہدایت کی کہ تیل و گیس کمپنیوں کے منافع کا نصف حصہ صوبوں کو منتقل کرنے کے لیے جامع طریقہ کار تیار کیا جائے۔ یہ سمری وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد کمیٹی کو فراہم کی جائے تاکہ صوبائی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
کمیٹی چیئرمین نے خبردار کیا کہ اگر دیگر کمپنیوں کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا تو صوبوں کے کل واجبات 6 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئینی تقاضے پورے نہ ہوئے تو معاملہ آڈٹ حکام کو بھیجا جائے گا۔
اجلاس میں وفاقی سیکریٹریٹ میں گریڈ 22 کے افسران کی تعیناتیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق 53 اسامیوں میں سے 35 پر پنجاب کے افسران تعینات ہیں۔ دیگر صوبوں کے مقابلے میں پنجاب کی اس نمایاں تعداد پر کمیٹی نے تحفظات کا اظہار کیا۔
کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ اگر یہ مسئلہ جلد حل نہ ہوا تو چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزیر خزانہ اور وزیر پیٹرولیم کو طلب کیا جائے گا۔ وفاق آئین کے تحت قدرتی وسائل کی آمدن میں صوبوں کا حصہ یقینی بنانے کا پابند ہے، جس میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت