منگل، 24 نومبر، 2026 · 15 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پرتگال کا پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی حمایت کا اعلان

قومی خبریں
پرتگال کا پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی حمایت کا اعلان

پرتگال نے پاکستان کے لیے یورپی یونین کی جی ایس پی پلس تجارتی سہولت کی حمایت کا اعلان کردیا۔

پرتگالی وزیر خارجہ نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں صدر نے تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز پیش کی۔ اس موقع پر پرتگالی وزیر خارجہ نے اپنے ملک کے وزیر زراعت کے جلد دورہ پاکستان سے بھی آگاہ کیا۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران پرتگال نے نئے یورپی تجارتی نظام کے تحت پاکستان کی جی ایس پی پلس سہولت کے حصول کی حمایت کا اعلان کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزے کی شرط ختم کرنے کا معاہدہ بھی طے پایا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پرتگالی وزیر خارجہ سے ملاقات میں جی ایس پی پلس سہولت کے معاملے پر پاکستان کی حمایت جاری رکھنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، اطلاعاتی ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، سیاحت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں پرتگالی وزیر خارجہ نے قیام امن، سفارتکاری اور مذاکرات کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت