شیخ حسینہ نے بنگلادیش واپسی کا اعلان کردیا

بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے 16 دسمبر کو وطن واپس آنے کا اعلان کردیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق شیخ حسینہ واجد کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ سابق وزیراعظم کی بنگلادیش واپسی کے لیے 16 دسمبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے، حسینہ واجد نے وطن واپسی کے لیے بنگلادیشی حکومت سے فضائی سفر کا انتظام کرنے کی درخواست کی ہے۔
ترجمان نے مؤقف اختیار کیا کہ شیخ حسینہ کو ملک واپس لانے اور ان کی آمد کے انتظامات کرنا اسی حکومت کی ذمہ داری ہے جس نے انہیں غیر آئینی طریقے سے ملک سے باہر جانے پر مجبور کیا تھا۔
دوسری جانب بنگلادیشی حکومت کی جانب سے اس مطالبے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
شیخ حسینہ کی جانب سے وطن واپسی کے لیے کسی مخصوص تاریخ کا اعلان پہلی مرتبہ کیا گیا ہے۔ 79 سالہ سابق وزیراعظم 2 سال سے زائد عرصے سے بھارت میں مقیم ہیں اور ان کی واپسی کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بنگلادیش میں سیاسی صورتحال ایک مرتبہ پھر کشیدہ ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
بنگلادیش میں شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ پر پابندی عائد ہے جبکہ حالیہ دنوں میں جماعت کی جانب سے احتجاجی سرگرمیوں کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں تشدد کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایسے حالات میں سابق وزیراعظم کی وطن واپسی کے اعلان نے ملک کی سیاسی صورتحال کو مزید اہم بنا دیا ہے۔
واضح رہے کہ شیخ حسینہ واجد اگست 2024 میں طلبہ کی احتجاجی تحریک کے نتیجے میں اقتدار چھوڑ کر بھارت چلی گئی تھیں۔
بعد ازاں گزشتہ سال نومبر میں انہیں طلبہ تحریک کے دوران مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کے الزامات پر ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی گئی تھی، تاہم سابق وزیراعظم ان الزامات کو مسترد کرتی ہیں۔
اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق بنگلادیش میں طلبہ کی احتجاجی تحریک کے دوران ہونے والے تشدد کے نتیجے میں تقریباً 1,400 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت