متحدہ عرب امارات : سرکاری دفاتر میں مصنوعی ذہانت کا حامل اے آئی اسسٹنٹ متعارف

دبئی: متحدہ عرب امارات کی حکومت نے شہریوں اور رہائشیوں کو جدید ترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی ذاتی معاون میرا کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
یہ انقلابی قدم حکومتی خدمات کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور خودکار بنانے کے وسیع تر وژن کا حصہ ہے۔
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اس جدید سسٹم کا افتتاح کیا ہے۔ یہ منصوبہ گورنمنٹ فور پوائنٹ زیرو کے تحت شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد سرکاری کاموں کو تیز تر اور شفاف بنانا ہے۔
حکام کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا پہلا سرکاری اے آئی اسسٹنٹ ہے جو عوام کے لیے ہر وقت دستیاب رہے گا۔
وزیر برائے کابینہ امور محمد عبداللہ القرقاوی نے کہا کہ یہ ڈیجیٹل معاون ملک کے تمام رہائشیوں اور شہریوں کے لیے کام کرے گا۔ اس ٹیکنالوجی کو ایجنٹک اے آئی کا نام دیا گیا ہے جو صارف کی ضروریات کو بخوبی سمجھنے اور بروقت سرکاری محکموں سے رابطہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
اس جدید نظام کی بدولت اب کسی بھی شخص کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ یہ سسٹم خودکار طریقے سے دستاویزات کی تیاری اور مطلوبہ خدمات کے حصول کا عمل مکمل کرے گا۔ شہریوں کو اب پیچیدہ سرکاری ضابطوں اور مختلف دفاتر کی خاک چھاننے سے مکمل نجات مل جائے گی۔
مارچ 2027 سے شروع ہونے والے پہلے مرحلے میں پاسپورٹ کی تجدید، شناختی کارڈ، رہائشی اجازت نامے اور صحت و تعلیم سے متعلق امور کو اس سسٹم میں شامل کیا جائے گا۔
حکام نے 2027 کے اختتام تک تمام تر سرکاری خدمات کو اس اے آئی پلیٹ فارم پر منتقل کرنے کا ایک بڑا اور اہم ہدف مقرر کر لیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام نہ صرف شہریوں کا قیمتی وقت بچائے گا بلکہ سرکاری اداروں کی کارکردگی کو بھی نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔
متحدہ عرب امارات اس ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی خدمات کے شعبے میں دنیا بھر کے لیے ایک بہترین مثال قائم کرنے کی جانب گامزن ہے جو مستقبل میں ایک جدید ترین حکومتی ماڈل ثابت ہوگا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت