منگل، 24 نومبر، 2026 · 15 جمادی الثانی، 1448 ہجری

نورس اٹلانٹک شدید مالی بحران کا شکار، پی آئی اے کا برطانیہ و یورپ کا فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ

قومی خبریں
نورس اٹلانٹک شدید مالی بحران کا شکار، پی آئی اے کا برطانیہ و یورپ کا فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ

کراچی: ناروے کی فضائی کمپنی نورس اٹلانٹک کی جانب سے لیز پر فراہم کیے جانے والے طیاروں کی عدم دستیابی کے باعث پی آئی اے کا برطانیہ اور یورپ کے لیے فضائی آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نورس اٹلانٹک کے ذریعے یورپ کے لیے چلائی جانے والی پروازیں بند کرنے کا عمل جاری ہے، جس کے نتیجے میں پی آئی اے کی برطانیہ اور یورپ جانے والی پروازوں کے نظام الاوقات میں تبدیلی کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں 23 نومبر کو بوئنگ 777 کے پائلٹس اور فضائی عملے کو داخلی پیغام بھی بھیجا گیا ہے۔

پیغام کے مطابق برطانیہ اور یورپ کے لیے پروازوں کا نیا نظام الاوقات موصول ہوتے ہی جاری کردیا جائے گا، جبکہ اس تبدیلی کے باعث عملے کی پہلے سے منظور شدہ چھٹیاں بھی تبدیل یا منسوخ کی جاسکتی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کو اسلام آباد سے مانچسٹر جانے والی پرواز کے لیے نورس اٹلانٹک کا لیز پر حاصل کردہ طیارہ دستیاب نہیں ہوسکا، جس کے بعد ہنگامی انتظامات کے تحت یہ پرواز پی آئی اے کے اپنے بوئنگ 777 طیارے کے ذریعے چلائی گئی۔

فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق لندن سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 786 میں دو گھنٹے سے زائد تاخیر کا امکان ہے، جبکہ 24 اور 25 نومبر کو لندن سے اسلام آباد آنے والی پروازوں کے لیے نورس اٹلانٹک کے ڈریم لائنر کے بجائے پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ مختص کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اگر نورس اٹلانٹک کے لیز پر فراہم کردہ طیارے دستیاب نہ ہوئے تو پی آئی اے کو برطانیہ، یورپ اور کینیڈا کے لیے اپنی پروازیں اپنے بوئنگ 777 طیاروں کے ذریعے چلانا پڑیں گی، جس سے قومی فضائی کمپنی کا بین الاقوامی فضائی آپریشن محدود یا متاثر ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ پی آئی اے نے 9 اکتوبر کو ناروے کی فضائی کمپنی نورس اٹلانٹک سے دو بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیارے عملے سمیت لیز پر حاصل کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔ لیز پر حاصل کیا گیا پہلا ڈریم لائنر یکم نومبر کو لندن سے پرواز پی کے 786 کے ذریعے اسلام آباد پہنچا تھا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق نورس اٹلانٹک کو شدید مالی خسارے اور قرضوں کی ادائیگی میں ناکامی کے خدشات کا سامنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر کمپنی کے ساتھ معاہدہ ختم ہوا تو پی آئی اے کو کئی ملین ڈالر کا نقصان بھی اٹھانا پڑسکتا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت