منگل، 24 نومبر، 2026 · 15 جمادی الثانی، 1448 ہجری

حکمران اقتدارخاندانوں تک محدود رکھنا چاہتے ہیں،مفتاح

قومی خبریں

اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ حکمران خاندان نئے صوبے بھی نہیں چاہتے اور اختیارات بھی عوام کو نہیں دینا چاہتے۔

حکمران اپنے سیاسی مفادات کےلیے علاقوں کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں اور اقتدار اپنے خاندانوں تک محدود رکھنا چاہتے ہیں۔

ایکس پر اپنے بیان میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ یہ بات قابلِ غور ہے کہ بہت سے سمجھدار لوگ نئے صوبے بنانے کے بجائے بااختیار اور آئینی تحفظ رکھنے والی مقامی حکومتوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کی تجویز دے رہے ہیں۔

یہ ایک قابلِ عمل حل ہے لیکن سوال یہ ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نئی صوبوں کی مخالفت تو کرتی ہیں، مگر انہوں نے آج تک آزادانہ اور شفاف انتخابات کے ذریعے بااختیار مقامی حکومتیں قائم کرنے کے لیے کوئی عملی قدم کیوں نہیں اٹھایا؟۔

اگر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) اس معاملے میں واقعی سنجیدہ ہیں تو انہیں چاہیے کہ فوری طور پر پارلیمنٹ میں آئینی ترمیم منظور کریں، جس کے ذریعے بااختیار مقامی حکومتوں یا نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی ضمانت دی جائے لیکن افسوس کہ وہ ایسا کرنے کو بھی تیار نہیں۔

اصل مسئلہ یہ ہے کہ حکمران خاندان نئے صوبے بھی نہیں چاہتے اور اختیارات بھی عوام کو منتقل نہیں کرنا چاہتے۔

وہ اپنے سیاسی مفادات کے لیے علاقوں کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں، حکومتی معاملات میں شفافیت سے گریز کرتے ہیں اور اقتدار اپنے خاندانوں تک محدود رکھنا چاہتے ہیں۔

حقیقت یہ ہے کہ نئی صوبوں کی تحریک کو تقویت بھی انہی پالیسیوں سے مل رہی ہے۔ جب عوام کو انصاف، ترقی اور اپنے علاقے کے فیصلے کرنے کا اختیار نہیں ملے گا تو وہ نئے صوبوں کا مطالبہ کیوں نہیں کریں گے؟

بشکریہ روزنامہ جسارت