منگل، 24 نومبر، 2026 · 15 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سندھ حکومت کا پانچ ایس ایس پیز کے بلوچستان تبادلوں پر اعتراض سامنے آگیا

قومی خبریں
سندھ حکومت کا پانچ ایس ایس پیز کے بلوچستان تبادلوں پر اعتراض سامنے آگیا

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے میں تعینات پانچ سینئر سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ایس ایس پیز) کے بلوچستان تبادلوں پر اعتراض اٹھاتے ہوئے ان افسران کی خدمات وفاقی حکومت کے حوالے نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق سندھ حکومت نے اس معاملے پر چیف سیکریٹری سندھ کے ذریعے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو باضابطہ خط ارسال کردیا ہے، جس میں پانچوں پولیس افسران کے تبادلوں کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے 13 نومبر 2026 کو سندھ میں تعینات پانچ ایس ایس پیز کے بلوچستان تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، تاہم سندھ حکومت نے ان تبادلوں کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

سندھ حکومت کے خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایک صوبے سے دوسرے صوبے میں افسران کے تبادلوں کے لیے متعلقہ صوبے کے وزیراعلیٰ سے مشاورت لازمی ہے، لیکن مذکورہ تبادلوں کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔

خط میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ سے مشاورت کے بغیر افسران کے تبادلوں کا فیصلہ مناسب طریقہ کار کے مطابق نہیں کیا گیا، اس لیے وفاقی حکومت پانچوں ایس ایس پیز کے تبادلوں کا نوٹیفکیشن واپس لے۔

سندھ حکومت نے اپنے مؤقف کی بنیاد پر پانچوں افسران کی خدمات وفاق کے حوالے نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس معاملے پر وفاقی اور سندھ حکومت کے درمیان انتظامی سطح پر اختلافات سامنے آگئے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت