ایران کا امریکا کے خلاف 290 ارب ڈالر ہرجانے کا حکم جاری

تہران : ایران نے امریکا سے کئی دہائیوں پر محیط اقدامات اور جنگ کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے ازالے کے لیے 290 ارب ڈالر ہرجانے کا مطالبہ کردیا۔ ایرانی عدالتوں نے امریکا کے خلاف مقدمات کے فیصلے سناتے ہوئے مجموعی طور پر اتنی ہی رقم بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی عدلیہ کے مرکز برائے وکلا کے سربراہ حسن عبداللہیان پور نے سرکاری ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایرانی عدالتوں نے امریکا کے خلاف دائر مقدمات میں اپنے فیصلے سنا دیے ہیں۔ ان مقدمات میں جنگ کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات اور امریکی اقدامات سے ایران کو پہنچنے والے نقصان کو بنیاد بنایا گیا ہے۔
حسن عبداللہیان پور کا کہنا تھا کہ ایرانی عدالتوں نے امریکا کو مجموعی طور پر 290 ارب ڈالر ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے، یہ رقم صرف حالیہ جنگ میں ہونے والے نقصانات تک محدود نہیں بلکہ اس میں کئی دہائیوں پر محیط امریکی اقدامات اور ان کے نتیجے میں ایران کو پہنچنے والے نقصانات بھی شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مشرقِ وسطیٰ میں موجودہ جنگ کا آغاز 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد ہوا تھا۔ ان حملوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات بھی ہرجانے کے مطالبے کا حصہ ہیں۔
ایرانی عہدیدار نے مزید کہا کہ ایران نے ان خلیجی عرب ممالک کے خلاف بھی متعدد مقدمات دائر کیے ہیں جنہوں نے اپنی سرزمین امریکا کو ایران کے خلاف حملوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دی۔ ان مقدمات میں متعلقہ ممالک کی ذمہ داری اور ایران کو پہنچنے والے نقصانات کا معاملہ اٹھایا گیا ہے۔
دوسری جانب جون میں امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت میں ایران کی تعمیرِ نو اور اقتصادی ترقی کے لیے 300 ارب ڈالر کا منصوبہ تیار کرنے کی شق بھی شامل تھی۔ اس پیش رفت کو دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور ایران کی معیشت کی بحالی کے تناظر میں اہم قرار دیا گیا تھا۔
ایرانی عدالتوں کی جانب سے امریکا کو 290 ارب ڈالر ہرجانہ ادا کرنے کے فیصلوں پر تاحال امریکی حکومت کا باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا اور نہ ہی یہ واضح ہوسکا ہے کہ ان فیصلوں پر عمل درآمد کس طرح ممکن ہوگا۔ امریکی ادائیگی یا فیصلوں پر عمل درآمد سے متعلق بھی کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت