پی ایس ایل کے 12ویں ایڈیشن کا افتتاحی میچ پشاور میں ہوگا: چیئرمین پی سی بی

پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کے مقابلے پشاور میں بھی منعقد کیے جائیں گے، جبکہ لیگ کا افتتاحی میچ بھی اسی شہر میں کھیلا جائے گا۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے اس حوالے سے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور کے کرکٹ شائقین کا دیرینہ انتظار ختم کرنے اور پاکستان کرکٹ کے لیے شہر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پی ایس ایل کو یہاں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پشاور کے عوام طویل عرصے سے پاکستان سپر لیگ کے میچز اپنے شہر میں دیکھنے کے منتظر ہیں، اس لیے لیگ کے مقابلوں کا انعقاد یہاں کیا جائے گا۔ انہیں امید ہے کہ پشاور کے شائقین اپنی روایتی جوش و خروش اور گرمجوشی کے ساتھ اس ایونٹ کا استقبال کریں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ گزشتہ سال بھی پشاور میں کرکٹ مقابلوں کے انعقاد کے لیے بھرپور کوششیں کی گئی تھیں، تاہم مختلف وجوہات کے باعث یہ منصوبہ عملی شکل اختیار نہیں کرسکا۔ اب پی ایس ایل کے میچز کے بعد شہر میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے اور سہ ملکی سیریز کے مقابلے بھی پشاور میں کرانے کا ارادہ ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور قومی ٹیم میں اس صوبے کے کھلاڑیوں کی نمایاں نمائندگی اس بات کا ثبوت ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کا ہر تیسرا کھلاڑی خیبرپختونخوا سے تعلق رکھتا ہے، اس لیے یہاں کھیلوں کے مواقع بڑھانے اور نوجوانوں کو آگے آنے کا موقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز پشاور میں منعقد ہونے سے صوبے کے نوجوانوں کے لیے کرکٹ کے نئے راستے کھلیں گے اور مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔ پی سی بی کی کوشش ہے کہ خیبرپختونخوا میں کرکٹ کو فروغ دے کر مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑی سامنے لائے جائیں۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ارباب نیاز اسٹیڈیم کے نام کی بحالی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت نے اس تاریخی میدان کا نام تبدیل کردیا تھا، تاہم اب اسے دوبارہ ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام دیا جائے گا۔
فیصل کریم کنڈی نے سابق حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ 13 سالہ دور اقتدار میں ایک بھی نیا کھیل کا میدان تعمیر نہیں کرسکی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت