پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایران جنگ سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، فوجی مشن کی توسیع بحری تحفظ کیلیے ہے، جنوبی کوریا

قومی خبریں
ایران جنگ سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، فوجی مشن کی توسیع بحری تحفظ کیلیے ہے، جنوبی کوریا

سیئول : جنوبی کوریا کے وزیر دفاع کانگ شن چُل نے کہا ہے کہ خلیج عدن میں بحری قزاقی کے خلاف تعینات جنوبی کوریا کے فوجی یونٹ کی مدت میں توسیع کا فیصلہ امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جاری جنگ میں بالواسطہ فوجی شرکت نہیں ہے، بلکہ اس مشن کا مقصد سمندری راستوں پر جنوبی کوریا کے جہازوں اور شہریوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا کے وزیر دفاع نے پارلیمنٹ کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ خلیج عدن میں تعینات چیونگہے فوجی یونٹ کا مشن امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف کارروائیوں سے مکمل طور پر الگ ہے، فوجی مشن کی مدت میں توسیع کو جاری تنازع میں بالواسطہ مداخلت قرار دینا درست نہیں ہوگا۔

کانگ شن چُل نے بتایا کہ خلیج عدن کے علاقے میں گزشتہ سال کے مقابلے میں بحری قزاقی کی سرگرمیوں میں 3 گنا سے زیادہ اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث سمندری راستوں پر سلامتی کے خطرات بڑھ گئے ہیں، جنوبی کوریا کے فوجی یونٹ کی موجودگی کا بنیادی مقصد بحری قزاقی کی روک تھام، سمندری تحفظ اور اس راستے سے گزرنے والے جنوبی کوریا کے تجارتی جہازوں اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوجی مشن کی ذمہ داریاں سمندری سلامتی سے متعلق ہیں اور اس کا امریکا و اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ سے کوئی تعلق نہیں۔ جنوبی کوریا اس مشن کے ذریعے اپنے شہریوں اور تجارتی جہازوں کی حفاظت کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

جنوبی کوریا کی حکومت کی جانب سے چیونگہے یونٹ کی تعیناتی میں توسیع کی تجویز ایسے وقت سامنے آئی ہے جب آبنائے ہرمز اور مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی تجارتی راستوں، تیل کی ترسیل اور بحری سلامتی کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں سمندری راستوں کا تحفظ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے اہم معاملہ بن گیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت