پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

اپنا گھر اسکیم کے تحت 500 ارب کے قرضے منظور ہوچکے ہیں، وزیراعظم

قومی خبریں
اپنا گھر اسکیم کے تحت 500 ارب کے قرضے منظور ہوچکے ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت شہریوں کو 112 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جاچکے ہیں جبکہ 500 ارب روپے مالیت کے قرضوں کی منظوری دی جاچکی ہے۔ حکومت نے اگلے 6 ماہ میں 1000 ارب روپے کے قرضوں کی ادائیگی کا ہدف مقرر کیا ہے اور یہ ہدف حاصل کرنے کے بعد اس حوالے سے دوبارہ تقریب منعقد کی جائے گی، غریب اور متوسط طبقے کو گھر فراہم کرنے کے لیے گھروں کی تعداد کی کوئی حد مقرر نہیں، جتنے گھر بنانے پڑے بنائیں گے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت 100 ارب روپے سے زائد کے قرضوں کی فراہمی کا سنگ میل عبور کرنے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن ہزاروں خاندانوں کے لیے خوشی کا دن ہے۔ جن خاندانوں کو عزت و وقار کے ساتھ اپنا گھر ملا ہے، انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ ان لوگوں کے خوابوں کی تعبیر ہے جو طویل عرصے سے اپنی چھت کے منتظر تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ محمد نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم شروع کی گئی تھی، جس کا پہلا منصوبہ آشیانہ قائد تھا، آشیانہ اقبال اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی اس منصوبے کا آغاز کیا گیا، پاکستان کے قیام کے وقت لاکھوں مسلمانوں نے بے شمار قربانیاں دیں، اس لیے ملک میں تمام شہریوں کو برابر کے حقوق ملنے چاہییں اور عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کرنا ضروری ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ اپنا گھر پروگرام کے تحت ساڑھے 6 ماہ میں 18 ہزار 500 گھروں کے لیے 100 ارب روپے تقسیم کیے گئے، جن کی مالیت اب بڑھ کر 112 ارب روپے ہوچکی ہے، جبکہ 500 ارب روپے کے قرضے منظور کیے جاچکے ہیں۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ عوامی فلاح کے لیے مل کر دن رات کام کریں کیونکہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپنا گھر، اپنا آشیانہ پروگرام میں گھروں کی تعداد کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی۔ بڑے اور شاہانہ گھر اشرافیہ کی ضرورت ہوسکتے ہیں، لیکن غریب اور متوسط طبقے کو اپنی چھت فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ایک لاکھ، 2 لاکھ یا 5 لاکھ گھروں کی کوئی پابندی نہیں، ضرورت پڑی تو غریب عوام کے لیے اس سے بھی زیادہ گھر تعمیر کیے جائیں گے۔

انہوں نے بینکوں کو ہدایت کی کہ قرضوں کی منظوری بجلی کی رفتار سے کی جائے اور اس عمل میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی،قرض حاصل کرنے والے شہریوں سے کسی نے ان کی سیاسی جماعت نہیں پوچھی، یہی شفافیت اور میرٹ ہے۔ اگر کسی مخالف سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے شخص کو میرٹ پر قرض ملتا ہے تو اسے بھی ضرور ملنا چاہیے۔ یہ وسائل قوم کے ہیں اور ان پر اصل حق مستحق افراد کا ہے۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پروگرام میں حصہ لینے والے 5 بینکوں کو بلیو پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے اور متعلقہ بینکوں کے مالکان اور چیف ایگزیکٹو افسران خود فیصلہ کریں گے کہ ان کے ادارے کی جانب سے کون یہ پاسپورٹ وصول کرے گا۔ انہوں نے ان بینکوں کو پروگرام کا سفیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ آباد، اسٹیٹ بینک، حکومت اور تعمیراتی شعبے سے وابستہ افراد کا فوری اجلاس بلایا جائے اور سہ فریقی معاہدے کا جائزہ لے کر اسے عملی شکل دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان بنانے کے لیے امانت، محنت اور دیانت کے اصولوں پر عمل کرنا ہوگا۔ وفاق اور صوبوں کو مل کر عوام کی بہتری کے لیے اقدامات کرنے چاہییں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کی کامیابی مؤثر پالیسی اور سازگار ماحول کا نتیجہ ہے۔ اس پروگرام کے تحت 100 ارب روپے سے زائد کے قرضوں کی فراہمی ایک اہم سنگ میل ہے،تقریب میں ملک بھر سے ایسے پاکستانی شریک ہیں جنہوں نے اس اسکیم کے ذریعے اپنے گھر کا خواب پورا کیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت