پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

تاجکستان کا عالمی فوجداری عدالت سے علیحدگی کا اعلان،اقوام متحدہ کو آگاہ کردیاگیا

قومی خبریں

دوشنبہ :وسطی ایشیا کے اہم ملک تاجکستان نے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ (آئی سی سی) سے علیحدگی کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ کو اس فیصلے کے آگاہ کر دیا ہے۔اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے تاجکستان کی جانب سے آئی سی سی سے علیحدگی اختیار کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔

روسی خبر رساں ادارے ٹاس کے مطابق تاجکستان نے 20 نومبر کو سیکریٹری جنرل کو تحریری طور پر اس فیصلے سے آگاہ کیا تھا، جس کے بعد ’روم اسٹیٹیوٹ‘ کے آرٹیکل 127 کے تحت یہ علیحدگی 20 نومبر 2027 کو مؤثر ہو جائے گی۔یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند روز قبل امریکا، روس اور چین کے صدور نے ایک تاریخی سہ فریقی اجلاس میں عالمی عدالت کے دائرہ اختیار کو مشترکہ طور پر چیلنج کیا تھا۔اس اعلان کے ساتھ ہی تاجکستان رواں سال 2026 میں آئی سی سی چھوڑنے کا عمل شروع کرنے والا ساتواں ملک بن گیا ہے، اس سے قبل نائجر، برکینا فاسو، مالی، چاڈ، وینزویلا اور ناؤرو بھی علیحدگی کا اعلان کر چکے ہیں۔

تاجکستان کے آئی سی سی سے علیحدگی کے فیصلے کے پسِ منظر میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے اکتوبر 2025 کے دورۂ تاجکستان کا معاملہ بھی اہمیت رکھتا ہے۔مارچ 2023 میں آئی سی سی نے یوکرینی بچوں کی مبینہ جبری بے دخلی کے الزام میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور بچوں کے حقوق کی کمشنر ماریا لووا بیلووا کے وارنٹِ گرفتاری جاری کیے تھے، تاہم ماسکو نے عدالت کے دائرہ اختیار کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت