پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کراچی سمیت نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہیں، علی ظفر

قومی خبریں
کراچی سمیت نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہیں، علی ظفر

اسلام آباد : تحریک انصاف کے سینیٹر علی ظفر نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی آبادی کئی ممالک سے زیادہ ہے، اس لیے کراچی کو الگ صوبہ بنانے پر بھی غور کیا جانا چاہیے جبکہ سندھ میں مزید صوبے بنانے پر کوئی آئینی پابندی نہیں ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ پاکستان میں نئے صوبے ہر صورت قائم ہونے چاہییں اور انتظامی بنیادوں پر صوبوں کی تشکیل وقت کی ضرورت ہے۔ کراچی کے علاوہ جنوبی پنجاب اور شمالی پنجاب کو بھی الگ صوبائی حیثیت دی جاسکتی ہے، تاکہ انتظامی امور بہتر انداز میں چلائے جاسکیں اور عوام کو سہولتیں فراہم کرنے میں مدد ملے۔

انہوں نے کہا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان بھی نئے صوبوں کے قیام کے حامی ہیں، اس معاملے پر پارٹی اپنا تفصیلی مؤقف مجوزہ آئینی مسودہ سامنے آنے کے بعد پیش کرے گی، تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے اور اپنے فیصلے سیاسی مشاورت کے ذریعے کرتی ہے، اس لیے 28ویں آئینی ترمیم کا مسودہ سامنے آنے کے بعد اس کا جائزہ لے کر جماعت کی پالیسی طے کی جائے گی۔

سینیٹر علی ظفر نے ریفرنڈم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی رائے معلوم کرنے کے لیے ریفرنڈم ایک طریقہ ہوسکتا ہے، اس سے نئے صوبوں کے قیام کا آئینی طریقہ کار تبدیل نہیں ہوگا۔ نئے صوبوں کی تشکیل کے لیے آئین پاکستان میں پہلے سے موجود قانونی طریقہ کار پر عمل کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ریفرنڈم کے انعقاد سے صوبوں کے قیام کے آئینی تقاضوں میں کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا اور نئے صوبے بنانے کے لیے متعلقہ قانونی و آئینی مراحل مکمل کرنا ہوں گے،نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر حتمی فیصلہ آئینی طریقہ کار اور سیاسی اتفاق رائے کے تحت ہی ممکن ہوگا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت