پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

عوام کرپشن کے سخت مخالف ہیں، حکمرانوں کی ذمہ داری ہے نفرت کی سیاست چھوڑ دیں: بلاول

قومی خبریں
عوام کرپشن کے سخت مخالف ہیں، حکمرانوں کی ذمہ داری ہے نفرت کی سیاست چھوڑ دیں: بلاول

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں کسی بھی قسم کی تبدیلی جمہوری طریقے سے ہی ہونی چاہیے، سیاستدانوں کو عوام کی امیدوں اور اعتماد پر پورا اترنے کی ضرورت ہے، کیونکہ اگر سیاسی قیادت خود نظام سے مایوس ہوگی تو عوام کا بھروسہ کیسے برقرار رہے گا۔

کراچی میں سندھ یوتھ کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان کرپشن سے پاک معاشرے کے خواہاں ہیں، ملک کا بچہ بچہ بدعنوانی سے نفرت کرتا ہے اور نوجوانوں کا نظام پر اعتماد بحال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو عوام کی توقعات کا خیال رکھتے ہوئے ایسا نظام تشکیل دینا چاہیے جس میں بدعنوانی کے امکانات ختم ہوں اور شہریوں کو سہولتوں کے حصول کے لیے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نظام میں شفافیت لانے اور کرپشن کے راستے روکنے کی ضرورت ہے، تاکہ عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جاسکیں اور ان کا اعتماد بحال ہو۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش مہنگائی جیسے سنگین مسائل سے نمٹنے کے لیے قومی یکجہتی ضروری ہے، تمام سیاسی اختلافات کو قومی مفاد کے سامنے پس پشت ڈالنا ہوگا۔ مشکل معاشی حالات کا مقابلہ اسی صورت ممکن ہے جب قوم متحد ہو اور سیاسی قیادت مشترکہ حکمت عملی اختیار کرے۔

انہوں نے زور دیا کہ حکمرانوں کو نفرت اور تقسیم کی سیاست ترک کرکے قومی اتحاد کو فروغ دینا چاہیے، پارلیمان کی بالادستی یقینی بنانے اور عدلیہ پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ حکومت اور حزب اختلاف سمیت تمام سیاسی قوتوں کو نظام پر بھروسہ ہونا چاہیے، تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز سے مل کر نمٹا جاسکے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ایسا نظام قائم کرنا ضروری ہے جس پر نوجوان مکمل اعتماد کرسکیں اور انہیں یہ احساس ہو کہ ملک کا نظام ان کی نمائندگی کرتا ہے۔ تمام ادارے نظام کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے ہیں، تاہم شہریوں کا اعتماد قائم کیے بغیر اس نظام کو مؤثر نہیں بنایا جاسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر سیاستدان خود نظام سے مایوس ہوجائیں گے تو عوام کو اس پر اعتماد کرنے کا کیسے کہا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کی صورت میں ملک اور عوام ترقی کریں گے، جبکہ ناکامی پر تاریخ یاد رکھے گی کہ ایک نوجوان نے بہتری کے لیے کوشش کی تھی۔

بلاول بھٹو زرداری نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر سیاسی قوتیں ایک دوسرے سے لڑتی رہیں تو ملک میں تقسیم مزید بڑھ جائے گی، اس لیے قومی مفاد اور ملکی ترقی کے لیے باہمی اختلافات ختم کرکے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت