پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سندھ: رواں سال قتل کی وارداتوں میں 1473 افراد جان سے گئے، کراچی سرفہرست رہا

قومی خبریں
سندھ: رواں سال قتل کی وارداتوں میں 1473 افراد جان سے گئے، کراچی سرفہرست رہا

سندھ میں رواں سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران قتل کے 1473 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں سے 80 شہری ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ صوبے میں سب سے زیادہ قتل کراچی اور لاڑکانہ پولیس رینج میں ہوئے، جبکہ ضلعی سطح پر خیرپور پہلے اور شکارپور دوسرے نمبر پر رہا۔

سندھ پولیس کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے اکتوبر تک صوبے کی مختلف پولیس رینجز میں مجموعی طور پر 1473 افراد کو قتل کیا گیا۔ ان واقعات میں کراچی رینج 397 ہلاکتوں کے ساتھ سرفہرست رہی، جہاں صوبے میں ہونے والے مجموعی قتل کا تقریباً 27 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ لاڑکانہ رینج 360 ہلاکتوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔

ضلعی اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو خیرپور میں سب سے زیادہ 104 افراد قتل ہوئے، جبکہ شکارپور 97 ہلاکتوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ اس کے برعکس ٹنڈو محمد خان میں قتل کے سب سے کم 12 واقعات رپورٹ کیے گئے۔

کراچی میں 10 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 397 افراد قتل ہوئے۔ ان میں ضلع ملیر 78 ہلاکتوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، جبکہ ضلع ایسٹ میں 73 اور ویسٹ میں 70 افراد جان سے گئے۔ اسی عرصے میں کیماڑی میں 59، سینٹرل میں 49 اور کورنگی میں 34 افراد قتل ہوئے۔ ضلع ساؤتھ میں 18 جبکہ ضلع سٹی میں سب سے کم 16 افراد قتل کیے گئے۔

لاڑکانہ پولیس رینج میں مجموعی طور پر 360 افراد قتل ہوئے۔ اس رینج کے اضلاع میں شکارپور 97 ہلاکتوں کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ کشمور میں 76، لاڑکانہ میں 72، قمبر شہداد کوٹ میں 64 اور جیکب آباد میں 51 افراد قتل کیے گئے۔

حیدرآباد پولیس رینج میں قتل کے 268 واقعات سامنے آئے۔ ان میں دادو 75 ہلاکتوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، جبکہ حیدرآباد میں 46، جامشورو میں 37، بدین میں 30 اور ٹھٹہ میں 22 افراد قتل ہوئے۔ اسی طرح مٹیاری اور ٹنڈو الہ یار میں 16، 16، سجاول میں 14 اور ٹنڈو محمد خان میں 12 افراد قتل کیے گئے۔

سکھر پولیس رینج میں 10 ماہ کے دوران 226 افراد قتل ہوئے، جن میں خیرپور کے 104، سکھر کے 62 اور گھوٹکی کے 60 واقعات شامل ہیں۔

شہید بے نظیر آباد پولیس رینج میں مجموعی طور پر 158 افراد قتل ہوئے۔ ان میں سانگھڑ میں 58، شہید بے نظیر آباد میں 54 اور نوشہرو فیروز میں 46 افراد قتل کیے گئے۔

میرپورخاص پولیس رینج میں قتل کے 64 واقعات رپورٹ ہوئے، جہاں میرپورخاص میں 32، عمرکوٹ میں 17 اور تھرپارکر میں 15 افراد اپنی جانوں سے محروم ہوئے۔

ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ہلاکتیں

سندھ پولیس کے اعداد و شمار میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر شہریوں کے قتل کے واقعات بھی تشویش ناک صورتحال کی عکاسی کرتے ہیں۔ رواں سال اکتوبر تک صوبے بھر میں ایسے واقعات میں 80 افراد کو قتل کیا گیا، جن میں سے 51 ہلاکتیں کراچی پولیس رینج میں ہوئیں۔ یہ تعداد صوبے میں ڈکیتی مزاحمت پر ہونے والے مجموعی قتل کا تقریباً 64 فیصد بنتی ہے۔

دیگر پولیس رینجز میں لاڑکانہ میں ڈکیتی مزاحمت پر 10 افراد قتل ہوئے، جبکہ سکھر اور شہید بے نظیر آباد رینج میں 9، 9 شہری جان سے گئے۔ حیدرآباد پولیس رینج میں بھی ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر ایک شہری کو قتل کیا گیا۔

پولیس ریکارڈ کے یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ سندھ میں قتل کے مجموعی واقعات کے ساتھ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر شہریوں کی ہلاکتیں بھی امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے ایک اہم چیلنج بنی ہوئی ہیں، جبکہ کراچی میں ایسے واقعات کا تناسب دیگر علاقوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت