بانی پی ٹی آئی کی صحت پر سیاست بند کی جائے، چیئرمین پی ٹی آئی
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت پر سیاست بند کی جائے۔
ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے انتخابی اصلاحات میں تمام فریقین کو مساوی نمائندگی دینے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی بگڑتی صحت پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بیماری کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا بند کیا جائے۔
انہوں نے سپریم کورٹ کے احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج کے لیے فوری طور پر میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم ہونے کے ناطے بانی پی ٹی آئی کا حق ہے کہ انہیں شفا اسپتال میں طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ذاتی معالج تک رسائی دی جائے۔ عدالتی احکامات کی مکمل پاسداری ہی ان کی جماعت کے خدشات کو دور کر سکتی ہے، جس کے لیے وہ قانونی عمل پر زور دے رہے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی، بہنوں اور وکلا کے ساتھ ملاقاتوں کو یقینی بنایا جانا چاہیے، جبکہ بشریٰ بی بی کے ساتھ ملاقاتیں بھی اس عمل کا حصہ ہونی چاہییں۔ انہوں نے بتایا کہ 25 نومبر کو القادر کیس میں پیش ہوں گے اور امید رکھتے ہیں کہ عدالت میں انصاف کا بول بالا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہو رہی ہے ، جبکہ وکلا کی ٹیم بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کرے گی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ بانی کا ایکس اکاؤنٹ پارٹی کا نہیں ہے، جس کے بارے میں سلمان اکرم راجہ پہلے ہی عدالت کو آگاہ کر چکے ہیں اور آئندہ سماعت پر دوبارہ مؤقف پیش کیا جائے گا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت