پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

نئے کھلاڑیوں نے سری لنکا کے خلاف میچ ونرز جیسی کارکردگی دکھائی، مائیک ہیسن

قومی خبریں
نئے کھلاڑیوں نے سری لنکا کے خلاف میچ ونرز جیسی کارکردگی دکھائی، مائیک ہیسن

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ تجربہ کار سری لنکن ٹیم کے خلاف نئے کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھ کر خوشی ہوئی، نوجوان کھلاڑیوں نے سیریز میں میچ جتوانے والی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔

مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں نے بھی نئے کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارنے اور ان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ ہوم سیریز میں بھی ایسی پچز تیار کرنے کی کوشش کی جائے گی جو بیرون ملک کھیلنے کے لیے ٹیم کی تیاری میں مددگار ہوں۔ ان کے مطابق جنوبی افریقا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں سیم اور سوئنگ کے لیے سازگار وکٹیں ملتی ہیں، اس لیے ان کنڈیشنز کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

ہیڈ کوچ نے دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ثاقب خان کی عدم موجودگی کو محسوس کیے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیم کے ٹیسٹ بولنگ اٹیک میں اہم اضافہ ہیں۔ ان کی غیر موجودگی کے باوجود سری لنکا کو دوسری اننگز میں آؤٹ کرنے پر وہ دیگر بولرز کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔

مائیک ہیسن کے مطابق رضااللہ کی رفتار، عامر جمال کی سیم موومنٹ، عباس کی درست لائن و لینتھ اور ثاقب خان کی سوئنگ مل کر پاکستان کے لیے ایک مؤثر بولنگ اٹیک تشکیل دیتے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت