پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون، مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد:پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کے فروغ، ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے عدالتی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو وسعت دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے، جس کے تحت عدالتی تجربات کے تبادلے، ججز کی تربیت اور انصاف کی فراہمی کے نظام کو جدید بنانے میں تعاون کیا جائے گا۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی اور ترکیہ کی کورٹ آف کیسیشن کے صدر عمر کیرکیز نے معاہدے پر دستخط کیے۔ تقریب کے آغاز میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔
چیف جسٹس پاکستان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی پر یقین رکھتے ہیں جبکہ یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے عدالتی نظام کو جدید بنانے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
جسٹس یحییٰ آفریدی کا کہنا تھا کہ مفاہمتی یادداشت ضلعی عدلیہ کی تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے حوالے سے اہم پیشرفت ہے، جس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان عدالتی تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں مدد ملے گی، پاکستان نے عدالتی نظام میں اصلاحات متعارف کرائی ہیں جبکہ ترکیہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں ایک مثال کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاہدے کے تحت عدالتی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ ملے گا، ای کورٹس کے ذریعے انصاف تک رسائی بہتر بنانے اور دونوں ممالک کے عدالتی تجربات سے استفادہ کرنے کے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے نظام انصاف کو مزید مؤثر اور جدید بنانے میں مدد ملے گی۔
ترکیہ کی کورٹ آف کیسیشن کے صدر عمر کیرکیز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ اقدار پر قائم ہیں جبکہ دونوں ممالک کے درمیان عدالتی تعاون کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک عدالتی نظام میں تجربات کے تبادلے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عدالتی نظام کو زیادہ مؤثر، شفاف اور عوام کے لیے قابل رسائی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت