منگل، 24 نومبر، 2026 · 15 جمادی الثانی، 1448 ہجری

میر رضا قتل کیس کی جے آئی ٹی کے 3 اجلاس بے نتیجہ، وکیل کی تحقیقات پر تنقید

قومی خبریں
میر رضا قتل کیس کی جے آئی ٹی کے 3 اجلاس بے نتیجہ، وکیل کی تحقیقات پر تنقید

کراچی: میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کا تیسرا اجلاس بھی کسی حتمی نتیجے کے بغیر ختم ہوگیا۔ 3 ہفتوں سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود تحقیقات میں خاطر خواہ پیش رفت نہ ہونے پر مقتول کے اہلخانہ اور ان کے وکیل جبران ناصر نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی کا تیسرا اجلاس ڈی آئی جی ویسٹ آفس میں منعقد ہوا، جس کی سربراہی ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے کی۔ اجلاس میں آئی ایس آئی، آئی بی اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے افسران سمیت مقتول میر رضا کے اہلخانہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر میر رضا کے دوست احمد بھردے اور عبداللہ بھردے سمیت ویفلیکس کے ملازمین کے بیانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مقتول کے وکیل جبران ناصر نے کہا کہ جے آئی ٹی میں وفاقی اور صوبائی اداروں کے اعلیٰ افسران شامل ہیں اور کیس کے مختلف پہلوؤں پر کام کیا جارہا ہے، 3 ہفتوں سے زائد گزرنے اور تحقیقاتی ٹیم کے 3 اجلاس ہونے کے باوجود کوئی حتمی نتیجہ سامنے نہیں آسکا۔

انہوں نے کہا کہ میر رضا کے اہلخانہ کو آج بھی انصاف کی امید ہے، لیکن وہ اسی وقت مطمئن ہوں گے جب ان کے سامنے اصل قاتلوں کو لایا جائے گا اور انہیں قانون کے مطابق سزا ملے گی، میڈیا کی مسلسل موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ میر رضا کے اہلخانہ انصاف کی جدوجہد میں تنہا نہیں بلکہ کراچی کے شہری بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

جبران ناصر نے واضح کیا کہ جے آئی ٹی میں ہونے والی تفتیش کی تفصیلات فی الحال منظرعام پر نہیں لائی جاسکتیں، اجلاس میں شرکت کے بعد بھی یہ دعویٰ نہیں کیا جاسکتا کہ تحقیقات کسی حتمی نتیجے تک پہنچ گئی ہیں۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو لکھے گئے خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی کی جانب سے دی گئی ہدایات پر تاحال مکمل عمل درآمد نہیں ہوا۔ ذوالفقار لاڑک کو ذمہ داری سونپی گئی تھی کہ کیس میں غفلت اور کوتاہی کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی کی جائے، لیکن اب تک کسی افسر کے خلاف مؤثر کارروائی ہوتی دکھائی نہیں دے رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو بھی کیس کے بعض پہلوؤں کی جانچ پڑتال کی ہدایت کی گئی تھی، اس حوالے سے بھی کوئی واضح پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ بعض افراد کے نام پہلے ہی متعلقہ حکام کو فراہم کیے جاچکے ہیں اور ان کے کردار کی مکمل چھان بین ضروری ہے۔

وکیل جبران ناصر نے ڈاکٹر اسامہ کے کردار پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انہوں نے کیس کو خراب کرنے میں کردار ادا کیا، ڈاکٹر اسامہ کو ملازمت سے برطرف کیا جانا چاہیے تھا، لیکن ایک مخصوص گروہ انہیں بڑی سزا سے بچا کر معمولی سزا دلوانے کی کوشش کررہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل سمیع اللہ سومرو اور ڈاکٹر عامر فاروقی کی سربراہی میں قائم تحقیقاتی ٹیمیں بھی 2 سے 3 ماہ تک کیس کی تحقیقات کرتی رہیں، لیکن کوئی خاطر خواہ نتیجہ سامنے نہیں آسکا۔ اب نئی جے آئی ٹی کے 3 اجلاس ہوچکے ہیں، اس کے باوجود اہلخانہ کو کسی بڑی پیش رفت سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

اس موقع پر مقتول کے اہلخانہ اور ان کے وکیل نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار سے مطالبہ کیا کہ وہ کیس کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے تحقیقات میں ہونے والی تاخیر اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا نوٹس لیں،میر رضا قتل کیس کو منطقی انجام تک پہنچانا اور اصل قاتلوں کو گرفتار کرنا متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے۔

اہلخانہ نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ وہ میر رضا کے قتل میں ملوث اصل ملزمان کی گرفتاری اور انصاف کی فراہمی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت