امریکی مصنوعی ذہانت سے چین کے جوہری میزائلوں کو خطرہ

واشنگٹن: چین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکا کی مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تیزی سے ہونے والی پیش رفت اس کی جوہری صلاحیت کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔
امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اخبار کے چیف چائنا نامہ نگار کرس بکلی نے چینی فوجی اور سویلین محققین کی 100 سے زائد حالیہ تحقیقی رپورٹس اور جائزوں کا مطالعہ کیا جبکہ اس معاملے پر ماہرین اور سابق امریکی حکام سے بھی گفتگو کی۔ تحقیق میں سامنے آنے والی تفصیلات سے ظاہر ہوتا ہے کہ بیجنگ مصنوعی ذہانت کو مستقبل کی جنگوں میں اپنی جوہری قوت کے لیے ایک اہم چیلنج تصور کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چین کی بنیادی تشویش یہ ہے کہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے امریکی فوج نگرانی کے وسیع تر نظاموں سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کا تیزی سے تجزیہ کر سکے گی۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے چینی میزائل لانچرز کی نقل و حرکت کا پتا لگانے، ان کا تعاقب کرنے اور درست نشانہ لگانے کی صلاحیت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس طرح امریکی افواج انسانی آپریٹرز کے مقابلے میں کہیں کم وقت میں کارروائی کرنے کے قابل ہو سکتی ہیں، جس سے چین کے جوہری اثاثوں کو محفوظ رکھنے اور دشمن کے حملے کے بعد جوابی کارروائی کرنے کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے۔
بیجنگ کی اکیڈمی آف ملٹری سائنس کے 2 محققین نے اپنے جائزے میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جوہری فیصلہ سازی کے نظام میں مصنوعی ذہانت اور متعلقہ جدید ٹیکنالوجیز شامل ہونے سے امریکا فیصلہ سازی کے روایتی عمل کو 15 سے 30 منٹ سے کم کرکے 90 سیکنڈ یا اس سے بھی کم وقت تک محدود کر سکتا ہے۔ اس پیش رفت کے نتیجے میں جنگی صورت حال میں فیصلوں کی رفتار غیر معمولی حد تک بڑھ سکتی ہے۔
چین کی جوہری حکمت عملی کا مطالعہ کرنے والے امریکی محکمہ خارجہ کے سابق تجزیہ کار جیرالڈ سی براؤن کے مطابق چینی محققین سمجھتے ہیں کہ مصنوعی ذہانت کے باعث اپنے ہتھیاروں کو دشمن کے حملوں سے محفوظ رکھنا پہلے سے کہیں زیادہ مشکل ہو سکتا ہے۔ ان کے نزدیک نگرانی اور ہدف کی شناخت کے جدید نظام جوہری اثاثوں کی پوشیدگی اور بقا کے لیے بڑا چیلنج بن سکتے ہیں۔
رپورٹ میں فیڈریشن آف امریکن سائنٹسٹس کے تخمینوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ چین کے پاس اس وقت تقریباً 620 جوہری وار ہیڈز موجود ہیں جبکہ اندازہ ہے کہ 2030 تک یہ تعداد بڑھ کر تقریباً 1,000 ہو سکتی ہے۔ اس کے مقابلے میں امریکا اور روس، دونوں کے پاس تقریباً 1,800، 1,800 جوہری وار ہیڈز موجود ہیں۔
چین نے اپنے جوہری اثاثوں کو ممکنہ حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے مختلف اقدامات بھی کیے ہیں۔ ان میں جوہری افواج کو مختلف مقامات پر پھیلانا، شمالی صحرائی علاقوں میں تقریباً 320 زیر زمین میزائل لانچنگ تنصیبات تعمیر کرنا اور آبدوز سے داغے جانے والے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ شامل ہے۔ ان اقدامات کا مقصد جوہری صلاحیت کو محفوظ بنانا اور کسی ممکنہ حملے کے باوجود جوابی کارروائی کی صلاحیت برقرار رکھنا ہے۔
دوسری جانب چینی محققین اور پیپلز لبریشن آرمی کی راکٹ فورس بھی اپنے میزائل نظاموں میں مصنوعی ذہانت کے استعمال پر غور کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں ایسے طریقوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے جن کے ذریعے ہائپرسونک اور بیلسٹک میزائل دوران پرواز اپنے راستے میں خودکار تبدیلی کر سکیں اور جدید دفاعی نظاموں کو چکما دے سکیں۔
چینی فوجی تحقیقات میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے جڑے خطرات کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ بعض محققین نے خبردار کیا ہے کہ اگر مصنوعی ذہانت کو ناقص، نامکمل یا بڑھا چڑھا کر پیش کیے گئے اعداد و شمار فراہم کیے جائیں تو کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام میں سنگین غلطیاں پیدا ہو سکتی ہیں، جن کے نتائج انتہائی خطرناک ہو سکتے ہیں۔
انسٹیٹیوٹ فار سکیورٹی اینڈ ٹیکنالوجی کے فلپ رینر کے مطابق فی الحال میزائل داغنے کا حتمی اختیار مصنوعی ذہانت کے حوالے نہیں کیا جا رہا، حملے سے متعلق فیصلے کے لیے درکار معلومات کو جمع کرنے، ترتیب دینے اور ان کا تجزیہ کرنے میں مصنوعی ذہانت کا کردار بڑھتا جا رہا ہے، اصل تبدیلی یہی ہے کہ جنگی فیصلوں کے لیے بنیادی معلومات کی تیاری اور جانچ کا عمل تیزی سے خودکار نظاموں کے زیر اثر آ رہا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت