پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

وفاقی حکومت نے 9 ماہ میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1126 ارب روپے وصول کیے

قومی خبریں

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے رواں برس کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کی مد میں عوام سے ایک ہزار 126 ارب 34 کروڑ روپے وصول کر لیے ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے صرف 9 ماہ کے عرصے میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1100 ارب روپے سے زائد کا ہدف عبور کر لیا ہے۔ اس غیر معمولی وصولی نے جہاں سرکاری خزانے کو بھر دیا ہے وہیں عوام کی جیبوں پر شدید دباؤ ڈالا ہے۔

حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کے ذریعے ٹیکس اکٹھا کرنے کا یہ سلسلہ تاحال جاری ہے، جس کی وجہ سے مہنگائی میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کی مد میں لی جانے والی بھاری رقوم نے ان کا جینا محال کر دیا ہے۔

پیٹرولیم لیوی کے ساتھ ساتھ حکومت نے اسی 9 ماہ کے دوران کلائمیٹ سپورٹ لیوی کی مد میں بھی 47 ارب روپے وصول کیے ہیں۔

اقتصادی ماہرین نے صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے لگائے گئے ان ٹیکسوں نے عام آدمی کی قوت خرید کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لیوی کی مد میں ہونے والی یہ بھاری وصولیاں عوام پر بوجھ ڈالنے کے مترادف ہیں۔

ماہرین نے مزید کہا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے اثرات براہ راست پاکستانی عوام پر منتقل کیے جا رہے ہیں۔ لیوی کے نام پر جمع کیے جانے والے یہ اربوں روپے حکومتی معاشی پالیسیوں کا اہم حصہ بن چکے ہیں جس سے معاشی بوجھ بڑھ رہا ہے۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی کے تحت ملک بھر میں پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج اور دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران حکومتی نمائندوں کے ساتھ مذاکرات کے ادوار بھی ہوئے، جس کے نتیجے میں حکومت نے پیٹرولیم نرخوں میں بتدریج کمی بھی کی ہے، تاہم جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم لیوی نامی بھتہ ٹیکس ختم کرکے عوام کو اصل ریلیف فراہم کیا جائے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت