سیاسی میدان کو اسٹیبلشمنٹ محدود کرتی جا رہی ہے: لیاقت بلوچ
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) عوام میں اپنی سیاسی ساکھ کھو چکی ہیں، جبکہ ان کی سیاسی بقا ہائبرڈ نظام کی حمایت اور اس کی آلہ کاری سے وابستہ ہے۔
اپنے بیان میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے بعد موجودہ اتحادی حکومت کا بھی حصہ ہے، تاہم بلاول بھٹو زرداری حکومت کے ساتھ اپنی سیاسی کشمکش کو حقیقی مقابلے کے طور پر عوام کے سامنے پیش کرنے میں ناکام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں تعصبات کی آگ بھڑکا کر اپنی باقی ماندہ سیاست کو زندہ رکھنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ ملک میں سیاسی میدان کو مسلسل محدود کیا جا رہا ہے اور اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت بڑھتی جارہی ہے۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ گورنر راج یا ہنگامی حالت کا نفاذ کبھی بھی مثبت اور مفید نتائج برآمد نہیں کرتا، اس لیے سیاسی مسائل کا حل ایسے اقدامات کے بجائے جمہوری عمل اور عوامی رائے کے احترام میں تلاش کرنا چاہیے۔
لیاقت بلوچ نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی ایکشن پلان کی بحالی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے لیے قومی ایکشن پلان پر دوبارہ عمل درآمد ضروری ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت