آصف زرداری کا ایک ہی بیٹا بلاول بھٹو ہے، بلاول کا موازنہ محسن نقوی سے نہ کیا جائے: ناصرحسین شاہ
سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو بے نظیر بھٹو کے بیٹے ہیں، ان کے سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہونے سے متعلق باتیں بے بنیاد ہیں۔
مٹیاری میں گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ جب بلاول بھٹو اسلام آباد گئے تو یہ کہا گیا کہ ان کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوگیا ہے، حالانکہ ایسی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کا ایک ہی بیٹا ہے اور وہ بلاول بھٹو ہیں، اس لیے انہی کی بات چلے گی۔ بلاول بھٹو کا موازنہ محسن نقوی سے نہیں کرنا چاہیے۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا۔ پیپلز پارٹی کسی ریفرنڈم سے نہیں گھبراتی، کراچی کے اردو بولنے والے شہری بھی فیصلہ دے چکے ہیں کہ سندھ تقسیم نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا تھا کہ آصف علی زرداری کا ایک بیٹا نئے صوبوں کے قیام کے حق میں ہے، جبکہ دوسرا اس کی مخالفت کر رہا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ محسن نقوی نے نئے صوبوں کی بحث شروع کی ہے، جبکہ بلاول بھٹو نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری کو چاہیے کہ وہ دونوں بیٹوں کو سمجھائیں کہ صوبوں سے متعلق بحث کو آلودہ کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت